حافظ نعیم الرحمن کاغذات نامزدگی آج جمع کرائیں گے ، میئر کے انتخابات میں کامیابی یقینی

پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کے بعد دونوں جماعتوں کی کل تعداد 193ہے ، عمران خان خود حمایت کا اعلان کر چکے ہیں

پی ٹی آئی کے صدر اکرم چیمہ کی گرفتاری قابل مذ مت،پیپلزپارٹی اپنا میئر لانے کے لیے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کررہی ہے ، حافظ نعیم الرحمن

کراچی(ویب  نیوز)

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میئر کے لیے ہفتہ 10جون کو صبح 10:30بجے ریجنل آفس الیکشن کمیشن میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے،حافظ نعیم الرحمن 15جنوری کو منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی یوسی 8الفلاح سے بھاری اکثریت میں یوسی چیئرمین کی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے ۔میئر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے حافظ نعیم الرحمن کی غیر مشروط حمایت کی ہے اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے بعد خود بھی اس حمایت کا اعلان کیاتھا ۔جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمین اور سٹی کونسل میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والوں کی کل تعداد ملا کر 193بنتی ہے جو میئر کے کامیاب ہونے کے لیے مطلوبہ تعداد سے کہیں زیادہ ہے اور حافظ نعیم الرحمن کی کامیابی یقینی ہے،میئر کے انتخاب کے سلسلے میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور شہریوں میں زبردست جو ش و خروش پایاجاتا ہے اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں اور بلدیاتی نمائندوں کے درمیان رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پی ٹی آئی جماعت اسلامی کی حمایت کے حوالے سے مکمل یکسو ہے ،اس یکسوئی اور اتحاد کا مظاہرہ سٹی کونسل میں مخصوص نشستوں کے اراکین کی حلف برداری کے موقع پر بھی دیکھنے میں آیا جب سٹی کونسل کا ہال میئر کراچی حافظ نعیم الرحمن ،کراچی کا محافظ ،حافظ نعیم الرحمن کے نعروں گونج اٹھا۔ دریں اثناء امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اپنے ایک بیان میں ایک بار پھر اس عزم کا اظہارکیا ہے کہ میئر کے انتخابات میں ہماری کامیابی یقینی ہے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی واضح اکثریت ثابت ہوچکی ہے اور پیپلزپارٹی تمام تر حکومتی اختیارات و وسائل کے بے دریغ استعمال، اپنے غیر جمہوری ، غیر آئینی وغیر قانونی ہتھکنڈوں ،بدترین دھاندلی اور دھونس ودھمکی کے باوجود مطلوبہ نمبر پورے کرنے میں ناکام رہی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر اکرم چیمہ کی گزشتہ رات گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کراچی میں اپنا میئر لانے کے لیے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کررہی ہے ،پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے ،پی ٹی آئی کراچی کے صدر اکرم چیمہ اپنے منتخب نمائندوں کی رہائی اور میئر کے انتخابات میں فعال کردار اداکررہے تھے ، پیپلزپارٹی کی حکومت نے انہیں شاہراہ فیصل سے گرفتار کر کے لاپتا کردیا ہے ،پیپلزپارٹی اسی فاشزم ،غیر جمہوری ہتھکنڈوں اور حکومتی جبر وتشددکے ذریعے کسی نہ کسی طرح اپنا میئر مسلط کر کے کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس پوری صورتحال میں الیکشن کمیشن کہاں ہے اور کیا کررہا ہے ؟کیا الیکشن کمیشن ایسا ہی الیکشن کرانا چاہتا ہے ؟