مصر،بھکاری عورت کے گھرسے 10لاکھ پائونڈز برآمد
عورت کے مرنے کے 10دن بعد گھر کی تلاشی لی گئی تو پائونڈ برآمد ہوئے جو گھر کے صحن میں ایک تھیلے میں چھپائے گئے تھے
رقم عورت کے 5بہن بھائیوں میں تقسیم، مقامی لوگوں نے بھکاری عورت کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر حیرت کا اظہار کیا
قاہرہ (ویب نیوز)
مصرمیں ایک بھکاری عورت کے گھر سے 10لاکھ پائونڈز برآمد ہوئے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق علی عبدالجلیل نامی بھکارن کے پاس 10 لاکھ پائونڈز تھے اور وہ قنا گورنری میں گلیوں اور بازاروں میں لوگوں سے بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی تھی۔رپورٹس کے مطابق چند روز قبل یہ عورت اپنے گھر کے اندر مردہ پائی گئی اور اس کے بہن بھائیوں کے بھی بہت غریب ہونے کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں نے تدفین کے اخراجات ادا کئے۔مرنے کے 10 دن بعد جب عورت کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے تقریبا 10 لاکھ پائونڈ برآمد ہوئے جو گھر کے صحن میں ایک تھیلے میں چھپائے گئے تھے۔رپورٹس کے مطابق تھیلے میں زیادہ تردھاتی سکے اورکچھ نوٹ تھے جس کے بعد لوگوں نے رقم کو عورت کے 5 بہن بھائیوں میں تقسیم کر دیا۔اس واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے بھکاری عورت کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔لوگوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس مرنے والی عورت اپنی زندگی میں اس رقم سے اپنے لئے آسانیاں پیدا نہ کر سکی۔