تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی اداروں کے خلاف حملے پر اکسانے کے الزامات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
بیرون ملک مقیم تشدد پر اکسانے والوں کیخلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کرلیا گیا، شاہین صہبائی،حیدر رضا مہدی،وجاہت سعید خان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ، مقدمے میں عادل فاروق راجہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ جی الیون کے رہائشی محمد اسلم کی درخواست پر دہشت گردی اور غداری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے بیرون ملک سے عسکری اداروں کیخلاف لوگوں کو بڑھکایا۔
متن میں کہا گیا کہ ملزمان ملک کے اندر بغاوت اور انتشار پھیلا رہے تھے اور غیر ملکی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔
یاد رہے حکومت پاکستان نے نو مئی کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایسے اوورسیزپاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا، جو نو مئی کے گھناؤنے واقعات کو اکسانے، بڑھاوا دینے اور کسی بھی قسم کی مدد کرنے میں ملوث پائے جائیں گے۔
اس حوالے سے 500 سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا تھا ،جس میں ان کے کال ریکارڈ، سوشل میڈیا سرگرمی، ٹریول ہسٹری، مالیاتی لین دین، امیگریشن اسٹیٹس اور دیگر متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔