لاہور (ویب نیوز)

سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو رہائی کے بعد ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ مقدمے میں دوبارہ گرفتار کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا۔پرویز الہی کو جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک کی عدالت پیش کیا گیا، کمرہ عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولیس اور ایف آئی اے نے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا۔ پولیس نے وکلا اور سائلین کا بھی کمرہ عدالت میں داخلہ بند کردیا ۔پرویز الہی کے وکلا عامر سعید راں اور آصف چیمہ لاہور کی ضلع کچہری پہنچ گئے۔اس سے قبل سروسز اسپتال لاہور کے ڈاکٹروں نے کیمپ جیل میں پرویز الہی کا طبی معائنہ کیا، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے ان کو صحت مند قرار دیا۔ ڈاکٹروں کے طبی معائنے کے بعد ایف آئی اے نے پرویز الہی کو حراست میں لیا۔ چوہدری پرویز الہی کو لینے بکتر بند گاڑی کیمپ جیل لاہور پہنچی۔ ایف آئی اے ٹیم نے پرویز الہی کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں حراست میں لیا۔واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ روز چوہدری پرویز الہی کی رہائی کے احکامات جاری کئے تھے، لیکن ایف آئی اے نے گزشتہ روز ہی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔لاہور کی انسداد بدعنوانی عدالت نے سابق وزیرِ اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی ضمانت منظور کی تھی۔