لاہور (ویب نیوز)
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ، شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔دوسری جانب بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔شرقپور شریف میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، چونیاں شہر اور اس کے مضافات میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ شیخوپورہ شہر اور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔علاوہ ازیں گجرات، پھالیہ، سرائے عالمگیر، جہلم ، ننکانہ، پتوکی اور قصور سمیت دیگر شہروں میں بھی بادل جم کر برسے۔