•  میجر میاں عبداللہ شہید کا تعلق کوہاٹ سے تھا،کومبنگ آپریشن جاری ہے،آئی ایس پی آر

خیبر (ویب نیوز)

ضلع خیبرکے علاقے شکاس میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران میجر میاں عبداللہ شاہ شہید ہو گئے جبکہ 3دہشت گردوںاور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 5اور 6جولائی کی درمیانی رات سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔دہشت گردوں کے فرار کے راستوں کو بند کرنے کے لئے ناکہ بندیوں کے قیام کا کام جاری تھا کہ دہشت گردوں کے ایک گروہ کو میجر عبداللہ نے دیکھا۔میجر عبداللہ شہید اس آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں قوم کے بہادر 33 سالہ فرزند میجر میاں عبداللہ شاہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔میجر میاں عبداللہ کا تعلق کوہاٹ سے تھا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ تین دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے کومبنگ آپریشن جا ری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔