پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے اور ڈیفالٹ نہیں کرے گا:اسحاق ڈار
نگران وزیراعلیٰ سے چیمبرز آف کامرس اورتاجر تنظیموں کے نمائندہ وفد کی ملاقات ،وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارویڈیو لنک کے ذریعے شریک
3گھنٹے طویل ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجر برادری نے مسائل اور سفارشات پیش کیں،محسن نقوی کی قابل عمل تجاویز کے حل کی یقین دہانی
وفاقی وزارت خزانہ کی معاونت سے ترسیلات زرسے متعلقہ ایشوز کے حل کیلئے خصوصی سیل،نئی صنعتیں لگانے کے این اوسیز کیلئے ون ونڈو سہولت
محسن نقوی کاانڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں تاجروں او رصنعتکارو ںکیلئے مسائل کے حل کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کااعلان
صنعت لگانے کیلئے این اوسیز کے پرانے نظام کو بدلیں گے،نئی انڈسٹریز کو 30دن روز کے اندر ون ونڈو آپریشن کے ذریعے این او سیز دئیے جائینگے
لاہور (ویب نیوز)
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے پنجاب کے 25 اضلاع کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اورتاجر تنظیموں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی ۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اسلام آباد سے ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے۔3گھنٹے طویل ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے صدور اور عہدیداران نے مسائل ، تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تمام مسائل او رتجاویز کو نوٹ کیا اور قابل عمل تجاویز کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔وفاقی وزارت خزانہ کی معاونت سے ترسیلات زرسے متعلقہ ایشوز کے حل کیلئے خصوصی سیل بنایا جائے گا۔نئی صنعتیں لگانے اورنیا کاروبار شروع کرنے کیلئے این اوسیز کے اجراء کیلئے ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ میں تاجروں او رصنعتکارو ںکیلئے مسائل کے حل کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2روز میں خصوصی سیل قائم کردیا جائے گا،صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریںگے۔صنعت لگانے کیلئے مختلف محکموں کے این اوسیز کے پرانے نظام کو یکسر بدلیں گے۔ نئی انڈسٹریز کو 30دن روز کے اندر ون ونڈو آپریشن کے ذریعے این او سیز دئیے جائیںگے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹریز او راپٹما عہدیداروں نے پنجاب میں کپاس کی ریکارڈ فصل پر نگران وزیراعلیٰ او ران کی ٹیم کی کارکردگی کوسراہا ۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کار وبار میں آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ تاجر اور صنعتکار برادری کی قابل عمل تجاویز پر ضرور غور کیاجائے گا۔ صوبائی سطح پر تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹیم کو متحرک کردیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کو صنعتکاروں اورتاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ذمہ داری دی ہے ۔وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل وقت او رآزمائشیں گزرنے والی ہیں، پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے۔ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا ، بیرونی ادائیگیوں میں ایک دن کی تاخیر نہیں کی گئی۔ تاجروں اور صنعتکارو ںکوایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا خوش آئنداو رقابل تحسین ہے۔ ملاقات میں رحیم یار خان او رلاہور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹس کی روڈز کی کشادگی ،سرگودھا بھلوال روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے اورفورٹ منرو سٹیل برج کے فیز ون او رفیز تھری کی تکمیل کیلئے اقدامات پر اتفاق کیاگیا۔غازی یونیورسٹی کی سولر لائزیشن کیلئے 470ملین کے فنڈز جاری ہوںگے ۔ڈیرہ غازی خان سے کوئٹہ روڈ اورراجن پورروڈ کی تعمیر ومرمت اور بحالی کی جائے گی۔ساہیوال میں انڈسٹریل سٹیٹ ٹو کے قیام پر غور کیاگیا۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، اظفر علی ناصر،منصور قادر، ابراہیم حسن مراد، مشیر وہاب ریاض ، چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری صنعت او رمتعلقہ حکام کے علاوہ اپٹما کے گروپ لیڈر گوہر اعجاز، انوار غنی، فواد مختار، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ،سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز،فلور ملز ، رائس ملز، ہارڈ ویئر مرچنٹ ایسوسی ایشن اوردیگر ایسوسی ایشنز کے صدور اور عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے