پارلیمانی کمیٹی نے ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں پر پابندی کا ایجنڈا آئٹم ڈراپ کر دیا
پی ٹی آئی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کا بائیکاٹ ختم کر دیا ، علی ظفر کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت
کمیٹی نے 99 فیصد کام مکمل کر لیا ہے ، اہم معاملات پر اتفاق رائے ہو چکا ، اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد (ویب نیوز)
پارلیمانی انتخابی اصلاحات کمیٹی نے سیاسی جماعتوں کی غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کا اختیار پارلیمنٹ کو دینے کا ایجنڈا آئٹم ڈراپ کر دیا ۔ متعلقہ فورم ہی ان معاملات کو دیکھتے رہیں گے ۔اجلاس سے پی ٹی آئی نے بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے تجاویز سے شریک سیاسی جماعتوں کو آگاہ کر دیا ۔ ش کمیٹی کا تیسرے روز بھی اجلاس چیئرمین سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا اور ان کیمرہ اجلاس کے دوران کارروائی کو نمٹایا گیا اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قوم کے لیے سب سے بڑی خوش خبری یہی ہے کہ سیاسی جماعتوں میں ن انتخابی اصلاحات پر اختلاف تھا ان پر اتفاق رائے ہو گیا ہے ۔ 99 فیصد معاملات کو حل کر لیا گیا ہے ۔ایک دو ایشوز پر اختلاف برقرار ہے ۔ سینیٹر علی ظفر نے بھی کہا ہے کہ وہ ان پر تجاویز دے دیں گے اور یہ معاملات ایسے نہیں ہیں جو سیاسی پوزیشن رکھتے ہوں یہ قانونی طور پر دیکھنے والے معاملات ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کا اختیار پارلیمنٹ کو دینے کا ایجنڈا آئٹم ڈراپ کر دیا گیا ہے ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں پر پابندی کا معاملہ کمیٹی میں زیر غور نہیں ہے ۔ ممنوعہ فنڈنگ کے اس معاملے کو دو تین روز قبل ہی ایجنڈا آئٹم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اجلاس کی کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کے رکن سینیٹر علی ظفر ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تحفظات کو مل بیٹھ کر حل کر لیں گے ۔