عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال بدستور وفاقی کابینہ کا حصہ رہیں گے، جہانگیر ترین

وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر کے منفی تاثر نہیں دینا چاہتے،پہلی ترجیح مستحکم پاکستان ہے

آئی ایم ایف سے معاہدہ ابھی زیر تکمیل ہے،اس وقت ملک کو استحکام کی اشد ضرورت ہے…..

اسلام آباد ( ویب  نیوز)چیرمین استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا کہ عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال وفاقی وزیر ہیں اور بدستورکابینہ کا حصہ رہیں گے حکومتی مدت مکمل ہونے تک اس میں شامل رہیں گے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لے ہی آئی پی پی وجود میں آئی ہے،موجودہ حالات کے پیش نظر ملکی مفادات پارٹی مفادات سے زیادہ عزیز ہیں،ملک میں سیاسی استحکام کے لئے متحد ہونے کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ابھی زیر تکمیل ہے،اس وقت ملک کو استحکام کی اشد ضرورت ہے، ان حالات میں وفاقی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر کے منفی تاثر نہیں دینا چاہتے،عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال وفاقی وزیر اور بدستور وفاقی کابینہ کا حصہ رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ملک میں سیاسی و معاشی استحکام دیکھنا چاہتا ہے،استحکام پاکستان پارٹی سیاسی استحکام پر یقین رکھتی اور ایک ذمہ دار پارٹی ہے،حکومت کی مدت مکمل ہونے تک دونوں وزرا وفاقی کابینہ کا حصہ رہیں گے ۔جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑا ہے،آنے والے انتخابات میں سیاسی فیصلے اس وقت کی صورت حال کے مطابق کریں گے،پارٹی سیاست کا محور و مرکز ملک میں سیاسی و معاشی استحکام لانا ہے آئی پی پی کا وجود پاکستان کی سلامتی کے ساتھ جڑا ہے اورملکی سلامتی اور استحکام سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں،پہلی ترجیح مستحکم پاکستان ہے۔