نوازشریف کا مولانا فضل الرحمان سے رابطہ، سیاسی صورتحال اور نگران سیٹ اپ پرتبادلہ خیال
نوازشریف نے سربراہ حکومتی اتحاد کو سابق صدر آصف زر داری سے ملاقات کی بھی وضاحت کردی
مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے نواز شریف کو اپنے موقف سے آگاہ کیا
تمام اہم سیاسی فیصلوں پر آپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے،نوازشریف کی فضل الرحمان کو یقین دہانی
اسلام آباد(ویب نیوز)مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے، دونوں رہنمائوں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور نگران سیٹ اپ پرتبادلہ خیال کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کے دوران نواز شریف نے انھیں یقین دہانی کرائی کہ تمام اہم سیاسی فیصلوں پر آپ کو اعتماد میں لیکر چلیں گے۔نوازشریف نے سربراہ حکومتی اتحاد کو سابق صدر آصف زر داری سے ملاقات کی بھی وضاحت کردی ۔ قائد ن لیگ نے مولانا فضل الرحمان کو بتایا کہ دبئی میں آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات معمول کی ملاقات تھی جس میں ملکی مسائل اور سیاسی امور پر مشاورت ہوئی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم ابھی بھی پی ڈی ایم کا حصہ ہیں نگران سیٹ سمیت تمام امور پر مشاورت ہوگی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے نواز شریف کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے آنے والے دنوں میں اہم فیصلوں سے متعلق مسلسل مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے رابطے کے بعد وزیراعظم کو جلد تمام اتحادی سربراہان کا اجلاس بلانے کی ہدایت کردی۔