- راولپنڈی میں موسلادھاربارش سے محلہ امام باڑہ میں پانی جمع ہونے سے شہری مشکلات میں مبتلا ، گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں
- کالا باغ میں برساتی نالے کا بند ٹوٹ گیا ،جنڈ میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی،پانی روڈپر ہونے کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہوئی
- پشاور، چارسدہ ، کرک اور گردونواح میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے
- کوہلو ،گرسنی،لاسے زئی،تمبو،جاندران،منجھرا اورماوند ورگردونواح میں موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی،
اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ (ویب نیوز)
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا،ندی نالوں میں طغیانی آ گئی،نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ،بجلی کی سپلائی معطل ہوکر رہ گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں تیز بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا،بادل برسنے پر وفاقی دارالحکومت کا ہر منظر خوبصورت اور بھیگا بھیگا نظر آنے لگا۔ ادھرراولپنڈی میں موسلادھاربارش نے واساکی کارکردگی کاپول کھل گیا،محلہ امام باڑہ میں پانی جمع ہونے سے شہری مشکلات میں مبتلا ہوگئے، گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔صوبہ پنجاب کے علاقے میانوالی، کندیاں، کالا باغ میں بادل خوب برسے جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، گرمی اور حبس کم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ بارش سے گلیاں اور نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔کالا باغ میں تیز بارش کے باعث برساتی نالے کا بند ٹوٹ گیا۔اٹک میں جنڈ کے مقام پر بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، تیز برساتی پانی روڈ کے اوپر سے بہنے کے باعث دونوں اطراف میں ٹریفک کی روانی بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔سیالکوٹ میں سخت گرمی اور حبس کے بعد خوب ابرحمت سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم نشینی علاقے زیرآب آ گئے ۔شرقپورشریف شہر اور گردونواح میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی اورموسم خوشگوار ہوگیا۔ننکانہ صاحب میں ٹھنڈی ہوائوں کیساتھ بارش سے موسم خوشگوارہو گیا جبکہ بارش ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے علاقے پشاور، چارسدہ ، کرک اور گردونواح میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ بلوچستان کے علاقے کوہلو ،گرسنی،لاسے زئی،تمبو،جاندران،منجھرا اورماوند ورگردونواح میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی،بارش سے نشیبی علاقے زیرآب،پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی،ماوند فیڈر میں بجلی کے تین پول گرگئے، جس سے مختلف علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل گئی۔دکی شہراورگردونواح میں موسلادھار بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔