اسلام آباد  (ویب نیوز)

  • ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو 1122 مختلف مقامات پر ہائی الرٹ رہی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش صبح سات بجے سے جاری ہے ، ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو 1122 مختلف مقامات پر ہائی الرٹ رہی، موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ،لاہور میں اربن فلڈ نگ کا بھی خدشہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مشرقی پنجاب ، شما ل مشرقی بلوچستان اور سندھ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔

 

  • ملک بھرمیں طوفانی بارشوں کیساتھ جولائی میں پہاڑوں پربرفباری
  • دیر میں سیاحتی مقام کمراٹ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے موسم سرد ہوگیا
  • بابوسرٹاپ پر بھی برف باری ہوئی ، شاہراہ بابوسرکو ٹریفک کیلئے بندکردیا گیا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان سمیت کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحتی مقام کمراٹ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے موسم سرد ہوگیا، علاقے میں کل تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کا امکان ہے۔دوسری جانب بابوسرٹاپ پر بھی برف باری ہوئی ہے، برف باری کی وجہ سے شاہراہ بابوسرکو ٹریفک کیلئے بندکردیا۔ سیاحوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو متبادل راستوں پر سفر کی ہدایت کی گئی ہے۔