Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif attends the National IT seminar as Chief Guest held in Islamabad on 20th July, 2023. Chief of Army Staff General Syed Asim Munir attended the seminar as guest of honor.

آئی ٹی برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، وزیراعظم

معاشی بحالی کے قومی منصوبوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کی حمایت حاصل ہے

اگلے چند ماہ میں بہت سے منصوبے قومی دھارے میں شامل ہوں گے،

سیمینار میں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی

اسلا م آباد(ویب  نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے ذریعے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔ معاشی بحالی کے قومی منصوبوں کو تمام فریقوں کی حمایت حاصل ہے، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، آئی ٹی کے شعبہ میں برآمدات کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیمینار اور آئی ٹی منصوبوں کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لانسر، سٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی، ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مہارتیں ہیں، یہ سہولیات کی عدم فراہمی، طریقہ کار میں مشکلات اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے اداروں کی کمی کے باوجود بہترین پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے، نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر برآمدات کی صلاحیت ہے، ہم مشکل صورتحال کے باوجود نوجوانوں کی محنت اور مہارت سے ہر مقصد حاصل کریں گے، میرا سرمایہ کار میرا ماسٹر ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی منصوبوں پر عملدرآمد سے ملک کو خوشحال بنائیں گے، ہم نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے آگے بڑھنے کی سمت کا تعین کر لیا ہے، اس حکمت عملی میں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں شامل ہیں، اس منصوبہ کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور دفاعی پروڈکشن کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی، کسی صورت بھی اس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، اگر وہ یہاں سرمایہ کاری کریں گے تو ان کو منافع ملے گا، پاکستان میں پیداوار میں اضافہ، ملازمتیں اور برآمدات کو فروغ ملے گا، مجھے اس ماڈل پر اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد قرضوں سے چھٹکارا حاصل کر لے گا، انتھک محنت سے اسے اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے، اس فریم ورک کے تحت کاروباری افراد کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا، سبز انقلاب سے ملک میں انقلاب آئے گا، ہم متحد ہو کر آگے بڑھیں گے اور تاریخ بدل دیں گے، نوجوانوں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، گذشتہ چار سال کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے الزام تراشی کرکے وقت ضائع کیا گیا، ہمیں ماضی کو بھول کر کامیابی کیلئے آگے بڑھنا ہو گا کیونکہ یہ ہمارے لئے سنہری موقع ہے۔سیمینار میں وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ سیمینار میں منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، خزانہ، دفاع، دفاعی پیداوار، سرمایہ کاری بورڈ، خارجہ امور، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، اطلاعات و نشریات کے وزرا جبکہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزرا اعلی، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئی ٹی ماہرین، سینئر آرمی و سول افسران نے بھی شرکت کی۔ سیمینار میں خلیجی ممالک، چین اور یورپی یونین سے سرمایہ کار اور غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بعد نیشنل آئی ٹی سیمینار آئی ٹی سیکٹر کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے کیا جا رہا ہے۔ یہ سیمینار تمام سٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو ہم آہنگ کرے گا۔ مقامی اور غیرملکی آئی ٹی کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کے ماہرین نے ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے کوششوں کو یکجا کرکے آئی ٹی کے شعبہ میں انقلاب برپا کرنے کیلئے حکومت کے پرخلوص تعاون کو سراہا۔شرکا نے اس اہم شعبہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے قومی معیشت کو فروغ دینے میں سول و عسکری ماہرین کے کردار اور کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی کو متحرک آمدن پیدا کرنے اور فروغ پذیر صنعت میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے جانب سے لگائے گئے بوتھس کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے ٹیک ڈیسٹی نیشن پاکستان، ٹیک لفٹ بوٹ کیمپ، فرسٹ نالج پارک فار وومن باغ (آزاد جموں و کشمیر)، ایگری ٹیک انکیوبیٹر فیصل آباد اور سینٹر آف ایکسیلنس ان گیمنگ اینڈ اینی میشن کا افتتاح کیا۔۔۔۔۔

#/S