بجلی مہنگی کرنا آئی ایم ایف کی شرط تھی، نرخ مجبوری میں بڑھائے: شہباز شریف
قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر نہیں پڑنے دوں گا
آذربائیجان کے ساتھ ایل این جی معاہدے سے باہمی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی ، ملک میں سستی ایل این جی میسر آئے گی
وزیر اعظم کا پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان پیٹرولیم کی صنعت میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب
لاہور(ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت آئی ایم ایف کی شرط پر مجبوری میں بڑھائی، ملک میں 31 فیصد گھریلو صارفین کو سبسڈی دی گئی ہے۔ قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر نہیں پڑنے دوں گا،آذربائیجان کے ساتھ ایل این جی معاہدے سے باہمی تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی ، ملک میں سستی ایل این جی میسر آئے گی ،پیر کو گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں تعاون کے معاہدے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بجلی کی قیمت بڑھانے پر بھی بات کی، ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر نہیں پڑنے دوں گا، 31 فیصد گھریلو صارفین کو سبسڈی دی گئی ہے، 63 فیصد گھریلو صارفین پر بوجھ نہیں پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں پر بوجھ نہیں آئے گا، 300 یونٹ کے استعمال کرنے والوں پر کچھ اثر پڑے گا، بجلی کے نرخ مجبورا بڑھا ئے گئے کیونکہ بجلی مہنگی کرنا آئی ایم ایف کی شرط تھی۔وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ آج کا دن دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے ایک اہم دن ہے۔حکومت پاکستان آذربائیجان سے ماہانہ ایک جہاز ایل این جی خریدے گی۔خریداری کا اختیار پاکستان کے پاس ہو گا جس سے ایل این جی نہ خریدنے پر ہرجانہ نہیں ہو گا۔اس معاہدے سے ملک میں سستی ایل این جی میسر آئے گی اور یہ انرجی کے بحران سے نمٹنے میں بہت بڑی پیش رفت ثابت ہو گی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس معاہدے کی مدت ایک سال تک ہے جس کو مزیدایک سال تک بڑھایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پٹرولیم معاہدے کے حوالے سے گزشتہ سال آذربائیجان میں صدر الہام علیوف سے مفید گفتگو ہوئی تھی۔وزیرمملکت ڈاکٹر مصدق ملک ، سیکرٹری پٹرولیم اور وزیر خرانہ اسحاق ڈارا ور ان کی ٹیم نے اس معاہدے میں اپنا بھرپور کردا ر اداکیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں آذربائیجان کے صدر اورپاکستان میں آذربائیجان کے سفیر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہاکہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہے اور دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ کے لیے اہم پیش رفت ہے ۔اس معاہدے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ مزید شعبوں میں تعلقات کے خواہاں ہیں۔بعد ازاں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین پٹرولیم کی صنعت میں معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن،وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک،سیکرٹری پٹرولیم ، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر ،آذر بائیجان کی پٹرولیم کمپنی کی چیف ایگزیکٹو ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔۔