نوابشاہ میں ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ، 30مسافر جاں بحق،50سے زائد زخمی
حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا،جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، بچے اور مرد شامل ہیں
حادثہ کا شکار ہونے والی ٹرین کراچی سے حویلیاں جارہی تھی، ٹرین حادثہ کے بعد ریلوے ٹریفک کو معطل کردیا گیا ہے
نوابشاہ(ویب نیوز)سندھ کے ضلع نوابشاہ میں ہزارہ ایکسپریس کی 10کے قریب بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجہ میں 30 مسافر جاں بحق اور50سے زائد زخمی ہو گئے، ڈی ایس ریلوے محمود الرحمن کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا ۔جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، بچے اور مرد شامل ہیں۔جاں بحق افراد کی نعشوں اورزخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، ہسپتالوں مین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ترجمان پاکستان ریلویز کراچی کے مطابق بریک دیر سے لگنے کی وجہ سے حادثے نے شدت اختیار کی، حادثہ کا شکار ہونے والی ٹرین کراچی سے حویلیاں جارہی تھی۔ ٹرین حادثہ کے بعد ریلوے ٹریفک کو معطل کردیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ نقصان کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکتا، چند گھنٹوں میں مشینوں کی مدد سے متاثرہ بوگیوں کو اٹھالیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواب شاہ حادثے کاعلم ہے، ہم اسی کام پر لگے ہوئے ہیں، سیکریٹری ریلوے اس وقت نواب شاہ میں کام کررہے ہیں۔