کوئٹہ میں وکیل قتل کیس،سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کوچیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روک دیا

کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل امان اللہ کنرانی اور بینچ کے ججز میں تلخ کلامی

جسٹس حسن اظہر رضوی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں کیس زیر التواء ہے، امان اللہ کنرانی کا بینچ پر اعتراض

آپ کردارکشی کررہے ہیں، کون سامقدمہ زیر التواء ہے،کیا آپ کو شکایت کندہ نے یہ ہدایات دے کربھیجا ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی

آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا امان اللہ کنرانی کو مخاطب کرتے ہوئے انتباہ

عدالت نے امان اللہ کنرانی الزامات کو واپس لینے زبانی معافی مانگنے کی استدعا مسترد کر دی

جب تک الزامات کو واپس نہیں لیا جاتااورتحریری معافی نہیں مانگی جاتی امان اللہ کنرانی کو معاف نہیں کیا جائے گا ، عدالت

اگر امان اللہ کنرانی تحریری معافی مانگیں گے توعدالت اپنا مناسب حکم جاری کردے گی، جسٹس یحییٰ آفریدی

عدالت سے کسی بھی صورت تحریری معافی نہیں مانگوں گا، امان اللہ کنرانی

 امان اللہ کنرانی کا طرز عمل سینئر وکلاء کی طرح کا نہیں جس طرح عدالت کے احترام کی ان سے توقع کی جارہی تھی، عدالت

کیس کی سماعت 24اگست تک ملتوی ، تحریری حکم جاری کیا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ وکیل امان اللہ کنرانی کو معاف کیا جائے گا یا نہیں، عدالت

اسلام آباد( ویب  نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان میں کوئٹہ میں قتل ہونے والے وکیل عبدالرزاق شر کے کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل امان اللہ کنرانی اور بینچ کے ججز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ شکایت کندہ کے وکیل امان اللہ کنرانی نے بینچ پر اعتراض کردیا۔ امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ بینچ کے رکن جسٹس حسن اظہر رضوی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں کیس زیر التواء ہے۔ اس پر جسٹس حسن اظہر رضوی کا امان اللہ کنرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کردارکشی کررہے ہیں، کون سامقدمہ زیر التواء ہے،کیا آپ کو شکایت کندہ نے یہ ہدایات دے کربھیجا ہے۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا امان اللہ کنرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 24اگست تک ملتوی کرتے ہوئے وکیل قتل کیس میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اورجسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف خان کھوسہ کی جانب سے بتایا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کر لیا گیا ہے اوران کے وکلاء کو حراساں کیا جارہاہے۔ اس پر جسٹس یحییٰ آفرید ی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے، صرف کوئٹہ میں قتل ہونے وکیل کے کیس کے حوالہ سے ہی دلائل دیئے جائیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جے آئی ٹی کااس پر کیا مئوقف ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ جمع کروائی ہے ۔مدعی مقدمہ کے وکیل امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کا مقصد چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنا نہیں تھا بلکہ صرف شامل تفتیش کرنا تھا۔ دوران سماعت جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے شکایت کندہ کے وکیل امان اللہ کنرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے ایف آئی آر پڑھی ہے۔اس پر امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ میں چاہ رہا تھا کہ میرٹ پر دلائل ہوں لیکن آپ شاید میرے ساتھ پرسنل ہو رہے ہیں۔ امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے چیف جسٹس کو الیکشن کے لئے خط لکھا تھا کہ ازخودنوٹس لیا جائے۔امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ جسٹس حسن اظہر رضوی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں جونیئر ہونے اورسنیارٹی کا کیس چل رہا ہے اس لئے وہ اہل نہیں ہیں، امان اللہ کنرانی نے دو عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ججز پر اعتراض کردیا جائے توانہیں کیس نہیں سننا چاہیئے۔ اس پر ججز اور امان اللہ کنرانی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے امان اللہ کنرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے جو مجھ پر الزامات لگائے ہیں کہ مجھ پر کوئی ایف آئی آر ہے یا میرے خلاف کوئی کیس چل رہا ہے توجب تک آپ اس حوالہ سے شواہد پیش نہیں کریں گے ہم اس کیس کو آگے نہیں چلائیں گے، نہ کیس آگے چلے گا بلکہ آپ کوتوہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کریں گے۔ امان اللہ کنرانی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے الزامات کو واپس لیتے ہوئے عدالت سے معافی مانگتے ہیں۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس حسن اظہر رضوی نے امان اللہ کنرانی کی زبانی معافی کو مسترد کردیا اور کہا کہ جب تک الزامات کو واپس نہیں لیا جاتااورتحریری معافی نہیں مانگی جاتی انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے امان اللہ کنرانی کی معافی کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ تحریری معافی مانگیں گے توعدالت اپنا مناسب حکم جاری کردے گی۔ تاہم امان اللہ کنرانی نے تحریری معافی مانگنے سے انکارکردیا اورکہا کہ وہ عدالت سے کسی بھی صورت تحریری معافی نہیں مانگیں گے۔ عدالت نے اپنے حکم میں لکھوایا کہ امان اللہ کنرانی کا طرز عمل سینئر وکلاء کی طرح کا نہیں ہے جس طرح عدالت کے احترام کی ان سے توقع کی جارہی تھی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 24اگست تک ملتوی کرتے ہوئے وکیل قتل کیس میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔ عدالت نے قراردیا کہ بینچ کی جانب سے تحریری حکم جاری کیا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ وکیل امان اللہ کنرانی کو معاف کیا جائے گا یا نہیں۔ZS

#/S