تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس
پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیدِتنہائی پر اظہار تشویش
اسلام آباد (ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا منگل کو اجلاس ہوا۔پارٹی چیئرمین عمران خان کو قیدِتنہائی میں رکھنے، معالج کو اب تک رسائی نہ دینے اور وکلا و اہلِ خانہ کی ملاقاتوں میں بے جا رکاوٹوں پر بھی اظہار تشویش کیا گیا ہے۔ اجلاس سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے قانون و حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، جیل میں قیدِ تنہائی میں ڈالنے کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے، عمران خان کو جیل مینوئل کی روشنی میں نہایت بنیادی سہولیات سے محروم کرکے ان کے حوصلے کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ کسی فرد بشمول جیل کے عملے کو بھی ان کے سیل کے آس پاس آنے کی یا ان سے بات کرنے کی اجازت نہیں، روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل چلانے کے بعد ان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت میں بلاجواز تاخیر ظلم و جبر کی ایک بدترین مثال ہے،عدالتِ عظمی قومی ہیرو، سابق منتخب وزیراعظم، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے چیئرمین کے بنیادی حقوق کی بے رحمانہ پامالی کا نوٹس لے، عمران خان کو قانون کے تحت میسر حقوق، ان کے معالج و وکلا تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں تمام قانونی حقوق فراہم کئے جائیں۔