- کرپشن کیس ،پرویز الٰہی کا 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور
- نیب کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی
- عدالت اگر مناسب وقت کیلئے پرویز الٰہی کا ریمانڈ منظور کر لیتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں،وکیل امجد پرویز
- پیر تک نہیں منگل تک ریمانڈ دوں گا کیونکہ پیر کو میں دستیاب نہیں،جج
- مجھے سیدھا کھڑا ہونے میں بھی مشکل ہے، پائوں بھی سوجے ہوئے ہیں، ذاتی معالج سے چیک اپ کروا دیں،پرویزالٰہی
لاہور (ویب نیوز)
لاہور کی احتساب عدالت نے سرکاری ٹھیکوں میں مبینہ گھپلوں اور کک بیکس کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چو ہدری پرویز الٰہی کو 29 اگست تک جسمانی ریمانڈمنظور کر لیا ۔سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو جسمانی ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر احتساب عدالت پیش کیا گیا، احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے پرویز الٰہی کے خلاف کیس کی سماعت کی، نیب کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کے مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔پرویز الٰہی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کو حکم دیا تھا کہ 21اگست تک فیصلہ کریں مگر ابھی تک ہائیکورٹ میں کیس نہیں سنا گیا، عدالت اگر مناسب وقت کیلئے پرویز الٰہی کا ریمانڈ منظور کر لیتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔ جج نے کہا کہ پیر تک نہیں منگل تک ریمانڈ دوں گا کیونکہ پیر کو میں دستیاب نہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ میری کمر میں شدید تکلیف ہے، پائوں بھی سوجے ہوئے ہیں، ذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے جواب دیا کہ اس معاملے کو دیکھ لیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے نیب کی جانب سے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کا 29اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
- الیکشن وقت پر نہیں ہو رہے ، عدالت سے رجوع کریں گے،پرویزالٰہی
- میں اور پی ٹی آئی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، فوج کی اس ملک کیلئے بڑی قربانیاں ہیں
- شاہ محمود قریشی کا نام سائفر میں ڈالنا انتہائی افسوس کی بات ہے ،میرا پیغام ہے پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں،میڈیا سے گفتگو
تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر نہیں ہو رہے ، اس حوالے سے عدالت سے رجوع کریں گے ،میں اور پی ٹی آئی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا کہ فوج کی اس ملک کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، میں دل کی گہرائیوں سے عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کیلئے کردار ادا کرنے پرمیڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسمبلیوں کی عدم موجودگی میں ان کا ظلم میڈیا دکھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا نام سائفر میں ڈالنا انتہائی افسوس کی بات ہے ،میرا پیغام ہے پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں ۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن وقت پر نہیں ہو رہے ، اس حوالے سے عدالت سے رجوع کریں گے۔