گوجرانوالہ (ویب نیوز)

اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی دو مقدمات میں عبوری ضمانت 23 مئی تک منظور کر لی ہے ۔ صدر تحریک انصاف و سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے خلاف اینٹی کرپشن گجرات کے اہلکاروں کی مدعیت میں گوجرانوالہ سرکل میں دو مقدمات درج ہیں ، جس میں ضمانت حاصل کرنے کیلئے چودھری پرویز الہی اینٹی کرپشن عدالت میں پیش ہوئے ۔ سپیشل جج رانا محمد سلیم کی عدالت سے چودھری پرویز الہی کی عبوری ضمانت 23 مئی تک منظور کر لی گئی ۔ چودھری پرویز الہی نے لاہور ہائی کورٹ سے ان مقدمات میں حفاظتی ضمانت کروائی تھی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی حفاظتی ضمانت 15 مئی تک منظور کرتے ہوئے فوری گرفتاری سے روک دیاتھا۔