بٹ گرام ۔۔ بٹ گرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد میں سے 5 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
باقی افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کا آپریشن جاری
بٹ گرام (ویب نیوز)
چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد میں سے 5 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ میں پھنسے باقی افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کا آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایاکہ شام کو ریسکیو آپریشن میں مزید 3 بچوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب تک بحفاظت نکلے گئے بچوں کی تعداد 5 ہوگئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ باقی افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کا آپریشن جاری ہے۔ایک بچے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے کے بعد اب گراؤنڈ سے آپریشن شروع کردیا گیا ہے، ہیلی کاپٹرریسکیو آپریشن رات اور موسم کے باعث روک دیا گیا۔متبادل طریقوں سے پاکستان آرمی کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، ایک اور چھوٹی ڈولی کو اسی تار پر ڈال کر متاثرہ ڈولی کے قریب لایا جا رہا ہے اورچھوٹی ڈولی کے ذریعے تمام پھنسے افراد کو ریسکیو کیا جائے گا۔چھوٹی ڈولی سے کھانے پینے کی اشیا بھیجی جا رہی ہیں، اسی ڈولی میں ایک ایک کر کے انتہائی احتیاط کے ساتھ بچوں کو ریسکیو کیا جائے گا، پاک فوج آپریشن کیلئے شمالی علاقہ جات سے لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ لے آئی، لوکل کیبل کراسنگز ایکسپرٹ کی خدمات بھی بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔پاشتو کے مقام پر چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹنے کت نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئے جنہیں بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔ بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریبا 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گلفراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔