صدر جب تک منصب پر ہیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی، مرتضیٰ سولنگی
جڑانوالہ والے واقعات اچانک رونما نہیں ہوتے،واقعہ میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوں گی
بٹگرام کے چیئر لفٹ واقعہ میںہمارے جوانوں نے پیشہ وارانہ انداز میں بہادری سے بچوں کو ریسکیو کیا
کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی ہے، ہمارے کوئی سیاسی دشمن ہیں اورنہ ہی کوئی سیاسی دوست ، نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی گفتگو
اسلام آباد (ویب نیوز)
نگرا ن وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ صدر جب تک منصب پر ہوں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی، کسی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی ہے، ہمارے کوئی سیاسی دشمن ہیں اورنہ ہی کوئی سیاسی دوست، بٹگرام کے چیئر لفٹ واقعہ میںہمارے جوانوں نے پیشہ وارانہ انداز میں بہادری سے بچوں کو ریسکیو کیا، جڑانوالہ والے واقعات اچانک رونما نہیں ہوتے، اس کی ایک تاریخ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہوں گی، معاشرے میں عدم اعتماد کا کلچر ایک دن میں نہ پیدا ہوا ہے نہ ختم ہو گا۔ بٹگرام کے چیئر لفٹ واقعہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے پیشہ وارانہ انداز میں بہادری سے بچوں کو ریسکیو کیا۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ مقامی لوگوں نے بھی بہادری کا مظاہرہ کیا اور بچوں کو ریسکیو کیا۔انہوںنے کہا کہ نگران وزیراعظم کو مقامی نوجوانوں کی بہادری کا ادراک ہے، انوار الحق کاکڑ مقامی نوجوانوں کی خدمات کا اعتراف کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کا حلف لیا ہے اور اپنے آئین کی پاسداری کریں گے، انتخابات کرانے کے لیے ایک آئینی ادارہ الیکشن کمیشن موجود ہے، الیکشن کمیشن نے تمام شیڈول اپنی ویب سائٹ پر ڈال دیا ہے، قانون میں لکھا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مہم کے لیے 54 دن دئیے جائیں گے، صاف شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے۔نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر مملکت نے جس دن ٹوئٹ کیا، ہم نے اس دن قانونی پوزیشن واضح کردی، صدر جب تک منصب پر ہوں تو ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکتی، ہماری حکومت میں جو ہوتا ہے ہم اس کے ذمے دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اپنے خیالات پیش کرنے کی آزادی ہے، ہمارے کوئی سیاسی دشمن نہیں اورکوئی سیاسی دوست نہیں، ہم کسی سیاسی جماعت کے حق اور مخالفت میں نہیں ہیں، اگرکسی کے خلاف قانون، ادارے اور عدالتیں کوئی قدم اٹھاتی ہیں تو روکیں گے نہیں۔مرتضی سولنگی کا کہنا تھاکہ مہنگائی ایک حقیقت ہے اور کوئی ملک مہنگا تیل خرید کر سستا نہیں بیچ سکتا، ہماری حکومت کوئی اللے تللے نہیں کرے گی اور قوم کا پیسہ ضائع نہیں کرے گی۔