ملک میں اس وقت 4525 ارب روپے مالیت کے 90 کروڑ پانچ لاکھ نوٹ زیر گردش ہیں، مرتضی سولنگی

ا سلام آباد( ویب  نیوز)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 4525 ارب روپے مالیت کے 90 کروڑ پانچ لاکھ نوٹ زیر گردش ہیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز کی پانچ ہزار روپے کے نوٹ سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مرتضی سولنگی نے کہا کہ پانچ ہزار کے نوٹ پہلی مرتبہ 27 مئی 2006 کو جاری ہوئے تھے، اس وقت ملک میں 90 کروڑ پانچ لاکھ نوٹ زیر گردش ہیں جن کی مالیت 4525 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک جو بھی کرنسی نوٹ جاری کرتا ہے یا پھر ختم کرتا ہے وہ باقاعدہ قانون کے مطابق ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں سٹیٹ بینک ایکٹ میں ترمیم کر کے سٹیٹ بینک کو کچھ زیادہ ہی آزاد کر دیا گیا تھا، یہ بنیادی اقتصادی پالیسی کا معاملہ ہے، مختصر مدت کے لئے آنے والی نگران حکومت کی بجائے آئندہ آنے والی پارلیمان سٹیٹ بینک کی آزادی کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے تو مناسب ہو گا، اگر یہ معاملہ زیر بحث لایا جائے تو وہ وزیر خزانہ اس کا جواب دیں گی، ہم وہ مناظر نہیں دیکھنا چاہتے جو ہمارے پڑوسی ملک میں ڈی موناٹائزیشن کے وقت نظر آئے تھے۔قبل ازیں تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ملک میں پانچ ہزار روپے کا نوٹ افراط زر اور بدعنوانی کا باعث ہے، اسے ختم کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ پانچ ہزار روپے کے نوٹ جمع کرانے والوں کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جانا چاہے۔۔۔