فیصل آباد (ویب نیوز)
بجلی کے بلوں میں اضافہ کیخلاف عوام کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ،بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام کا پارہ ہائی ہو گیا، جگہ جگہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں ‘ احتجاجی مظاہرین کی طرف سے فیسکو دفاتر اور املاک کو نقصان پہنچانے کے خدشات کے پیش نظر فیصل آباد ڈویژن میں واقع واپڈا کی املاک اور دفاتر کی حفاظت کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد مختلف علاقوں میںبجلی کے بلوں میں اضافہ کیخلاف عوام کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے غلام محمد آباد، مرضی پورہ ملت روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی طرف سے احتجاج کرتے ہوئے روڈز بلاک کر دیئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسوں کو فی الفور واپس لیا جائے’ مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو جلا دیا علاوہ ازیں ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد عابد خان کی طرف سے جاری ہونیوالے احکامات میں سی پی او فیصل آباد’ ڈی پی اوز جھنگ’ چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام کا پارہ ہائی ہو چکا ہے اور جگہ جگہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔جبکہ خدشہ ہے کہ احتجاجی مظاہرین واپڈا کے دفاتر اور تنصیبات پر حملہ کر سکتے ہیں، جس کی روک تھام کیلئے واپڈا کے دفاتر اور املاک کی حفاظت کیلئے مناسب پولیس کی نفری تعینات کی جائے اور احتجاج کی صورت میں ٹریفک افسران بھی ٹریفک کی بحالی کیلئے متبادل راستے کا انتظام کریں اور محکمہ پولیس کے ضلعی سربراہان اپنے اپنے اضلاع میں حفاظتی انتظامات مکمل کر کے رپورٹ فوری طور پر بھجوائیں جبکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آر پی او کے حکم پر سی پی او عثمان اکرم گوندل نے فیصل آباد کی 5 ڈویژن میں مجموعی طور پر 54 دفاتر اور گرڈ اسٹیشن کی حفاظت کیلئے 363 ملازمین’ 9 ایلیٹ ٹیمز اور سیکٹر وائز گشت کیلئے 608 افسران وملازمین کو سکیورٹی ڈیوٹیاں تفویض کر دیں اور جلائو گھیرائو کے خطرہ کے پیش نظر متعلقہ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کا حکم دیا گیا۔