راولپنڈی،وین ٹرالرسے ٹکراگئی ،5افراد جاں بحق ، 8زخمی

زخمی ہسپتال منتقل ، حادثے کا شکار ہونے والی ہائی ایس وین مکمل طور پر تباہ

جاں بحق ہونیوالوں میں مہرین، دانش، میاں ادریس، حاجی شفیق اور حاجی نذیر شامل

راولپنڈی(ویب  نیوز)

راولپنڈی کے علاقے ٹی چوک کے قریب عمرہ سے واپس آنے والی فیملی کی گاڑی ٹرالر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور8زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ سے گوجرانوالہ کے لیے روانہ ہونے والی فیملی کی گاڑی کو راولپنڈی میں روات ٹی چوک کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔تھانہ ہمک پولیس کے مطابق گاڑی روات چوک کے قریب کھڑے 22 ویلر ٹرالر سے ٹکرائی، جس کے بعد ریسکیو 1122 نے اطلاع ملنے پر جائے وقوع پر پہنچ کر گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں اور لاشوں کو پمز ہسپتا ل منتقل کیا۔ حادثہ ڈرائیور کے سو جانے کے باعث پیش آیا،خوفناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ہائی ایس کا ڈرائیور بھی شامل ہے ۔ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔اسلام آباد پولیس نے متاثرہ گاڑی کو تحویل میں لے کر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کردی  تاہم ابتدائی تحقیقات  کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد شامل ہیں۔ متاثرہ فیملی عمرہ ادائیگی کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ سے گوجرانوالہ جا رہی تھی۔جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مہرین، 28 سالہ دانش، 52 سالہ میاں ادریس، 62 سالہ حاجی شفیق اور  65 سالہ حاجی نذیر شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں ریحانہ، عشور، ارحم، ہما عمران، ارسام اور کنیز شامل ہیں۔