چین اور پاکستان کی سرحد کے ساتھ بھارت کا شمالی علاقوں میں 10روزہ فضائی مشق ترشول کاآغاز
بھارتی فضائی مشقیںلداخ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر ، پنجاب ،اتراکھنڈ، سکم اور اروناچل پردیش میں جاری
نئی دہلی(ویب نیوز )
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی فضائیہ نے جی20 اجلاس کے پیش نظرچین اور پاکستان کی سرحدوں سے متصل شمالی سیکٹر میں فوجی مشق کا اعلان کیا ہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ نے چین اور پاکستان کی سرحد کے ساتھ شمالی علاقوں میں 10روزہ فضائی مشق ترشول کاآغاز کردیا ہے۔پیر کو شروع ہونیوالی فضائی مشق میں لڑاکا طیاروں بشمول رافیل اور میراج کے علاوہ جنگی ہیلی کاپٹر چنوک، اپاچی اوردیگر حصہ لے رہے ہیں ۔ گرو اسپیشل فورسز بھی مشق کا حصہ ہیں ۔یہ مشق 14ستمبرتک جاری رہے گی ۔ بھارت یہ مشق چین اور پاکستان کی سرحد کے ساتھ شمالی علاقوں بشمول لداخ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر ، پنجاب ،اتراکھنڈ، سکم اور اروناچل پردیش میں1400کلومیٹر کے علاقے میںکررہا ہے ۔ فضائی مشق میں حصہ لینے والے لڑاکا طیاروں کی آواز سے مقبوضہ کشمیر کے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔ چمبا کے کئی علاقے جموں و کشمیر کی سرحد سے متصل ہیں۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت نے یہ فضائی مشق چین اور پاکستان کی مشترکہ فضائی مشق شاہین ایکس کے جواب میں شروع کی ہے جس کا مقصد خطے میں اپنی بالادستی ثابت کرنا ہے ۔ چین پاکستان کی مشترکہ تربیتی فضائی مشق اگست کے آخر میں شروع ہوئی تھی اور ستمبر کے وسط تک جاری رہے گی۔