سائفر کیس ،چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع
چیئرمین پی ٹی آئی کو 27 ستمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے گا
سائفرکیس ، شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں26ستمبر تک توسیع
سائفرکیس میں آپ کی درخواست ضمانت مقرر ہے،عدالتی عملہ
جو اگلی تاریخ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی ہوگی، وہی آپ کی ہوگی،عدالتی عملہ
اٹک (ویب نیوز)
سپیشل کورٹ نے سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین چیئرمین تحریک انصاف کیخلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں کی۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی کا اٹک جیل میں ٹرائل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا وزارت قانون نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے 9 وکلا کو اٹک جیل جانے کی اجازت دی گئی جبکہ سائفر کیس کی تحقیقات کرنے والی ایف آئی اے کی ٹیم بھی اٹک جیل میں موجود تھی۔بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمامڈ میں 14 روزہ توسیع کر دی، چیئرمین پی ٹی آئی کو 27 ستمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
سائفرکیس ، شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں26ستمبر تک توسیع
خصوصی عدالت نے سائفرکیس میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں26ستمبر تک توسیع کردی۔ خصوصی عدالت کے جج نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں سابق وزیر خارجہ کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا۔عدالتی عملے نے شاہ محمود سے کہا کہ سائفرکیس میں آپ کی درخواست ضمانت مقرر ہے، اس پر شاہ محمود نے پوچھا کہ کیا مجھے جوڈیشل کمپلیکس آنا ہوگا؟ اس پر عدالتی عملے نے کہا کہ نہیں درخواست ضمانت پر آپ کو جوڈیشل کمپلیکس نہیں آنا پڑیگا، جج ابوالحسنات اٹک گئے ہوئے ہیں، آپ کو حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے جو اگلی تاریخ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی ہوگی، وہی آپ کی ہوگی۔بعد ازاں خصوصی عدالت کے جج نے مختصر سماعت کے بعد شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کردی۔