جلائوگھیرائوکیس ،یاسمین راشداور خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع

مقدمہ کا چالان تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے،پولیس کی استدعا

 عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کر لی ، آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمہ کا چالان پیش کرنے کا حکم ،سماعت 20 جولائی تک ملتوی

لاہور(ویب  نیوز)

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے اداروں کیخلاف تقریرجناح ہاؤس حملہ اور جلائو گھیرائو کیس میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کردی ۔ جمعرات کو  لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیرا ؤکیس پر سماعت ہوئی۔ سابق صوبائی وزیرڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت پیش کیا گیا ۔پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مقدمہ کا چالان تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے، عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو مقدمہ کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، خدیجہ شاہ، صنم جاوید سمیت دیگر خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی۔