نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی 64 فیصد آبادی یوتھ پر مشتمل ۔سمیرا چھاپرا
الخدمت فا ئونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے تحت کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ کی تقریب سے خطاب
الخدمت فا ئونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے زیر اہتمام شارٹ کمپیوٹرکورس مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم
لاہور(ویب نیوز)
نوجوان کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔نئی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی 64 فیصد آبادی یوتھ پر مشتمل ہے جس کی مناسب تعلیم و تربیت کر کے ان نوجوانوں کو با صلاحیت بنایا جاسکتا ہے۔نوجوان نسل کو ہنر مند بنا کر نہ صرف انہیں با عزت روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے بلکہ گمراہی سے بھی بچایا جا سکتا ہے جس کے لئے بچپن سے ہی اپنے بچوں کی مثبت ذہن سازی کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ شعبہ ایجوکیشن کی پروگرام مینیجر محترمہ سمیرا چھاپرا نے الخدمت فا ئونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام چلنے والے کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ سے شارٹ کمپیوٹرکورس مکمل کرنے والی طالبات کو سرٹیفیکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔طالبات کے ساتھ ان کی مائیں بھی تقریب میں موجود تھیں۔ سمیرا چھاپرا نے کہا کہپاکستان میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس پر قابو پانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہرسال عالمی یوم حجاب منایا جاتا ہے لیکن محض سال میں چند دن روایتی طور پر کچھ تقاریب منعقد کر لینا کافی نہیں ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنی بچیوں کی مسلسل ذہن سازی کرنا ہوگی تاکہ انہیں بے حیائی سے پاک آذاد ماحول فراہم کیا جاسکے۔تقریب کے اختتام پر کمپیوٹر کو رس مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تحائف اور ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔