کسی کو سیاسی عمل سے نہیں روکا جا رہا مگر 9 مئی واقعات پر کارروائی ہوگی، انوارالحق کاکڑ
ہم کسی کو جوابدہ نہیں ، کسی جماعت کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کا ارادہ ہے اور نہ اس کی تیاری
کوئی بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو بچ نہیں سکتا، ملوث خواتین کو بھی رعایت نہیں دی جا سکتی
آئی ایم ایف سے کچھ مانگا نہیں، بلکہ یقین دلایا گزشتہ حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کریں گے
غیر قانونی کرنسی ٹریڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کو آئی ایم ایف نے سراہا ہے، یہ کارروائی جاری رکھیں گے
کوشش ہے الیکشن تک ملک میں کچھ نجکاری ہوچکی ہو تاکہ نئی حکومت کو اپنا منشور آگے بڑھانے میں آسانی ہو
پاکستان دو دہائیوں سے بھارت کی دہشت گردی کا شکار ہے،نگران وزیراعظم کی نیویارک میں پریس کانفرنس
نیویارک(ویب نیوز)
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو سیاسی عمل سے نہیں روکا جا رہا مگر 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی،آئی ایم ایف سے کچھ مانگا نہیں، بلکہ یقین دلایا گزشتہ حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کریں گے، پاکستان دو دہائیوں سے بھارت کی دہشت گردی کا شکار ہے۔ نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کوشش ہے الیکشن تک ملک میں کچھ نجکاری ہوچکی ہو، غیرملکی سرمایہ کاری آچکی ہو تاکہ نئی حکومت کو اپنا منشور آگے بڑھانے میں آسانی ہو۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کرنسی ٹریڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کو آئی ایم ایف نے سراہا ہے، یہ کارروائی جاری رکھیں گے۔ نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی مافیا اور گندم مافیا کے خلاف کارروائی کرکے قیمتوں میں مصنوعی اضافہ روک لیا ہے، ڈالر ریٹ بھی نیچے آنے لگا ہے۔انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا جلد اعلان ہو جائے گا، کسی بھی سیاسی جماعت کو سیاسی عمل سے نہیں روکا جا رہا مگر 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نگراں حکومت کا کام صاف و شفاف انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے بھی سامنے جوابدہ نہیں ہیں، کسی جماعت کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کا نہ ارادہ ہے نہ اس کی تیاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کرے گا تو سیاسی جماعت سے تعلق ہونے کی بنا پر بچ نہیں سکتا، جبکہ اس میں ملوث خواتین کو بھی جنس کی بنیاد پر رعایت نہیں دی جا سکتی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دورہ نیو یارک بہت کامیاب رہا جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سمیت دیگر رہنماں سے ملاقاتیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا جبکہ مختلف فورمز پر موسمیاتی تبدیلیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعمیری بات چیت ہو رہی ہے، ہم نے ہمیشہ افغانستان کی خودمختاری کا احترام کیا، البتہ پاکستان اپنی سرزمین کا دفاع کرنا جانتا ہے۔ہردیپ سنگھ کیس پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھاکہ کینیڈا میں سکھ رہنما کا بہیمانہ قتل کیا گیا، کینیڈا میں بھارتی اقدامات کی وجہ سے مغربی دنیا کو جھٹکا لگا اب ہندوستان کی ریاست پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان دو دہائیوں سے بھارت کی دہشت گردی کا شکار ہے، بھارتی ریاست منی پور میں سیکڑوں افراد کا قتل کیا گیا، وہاں مسیحی برادری سے برا سلوک کیا جا رہا ہے۔