عمران خان یا تحریک انصاف کے بغیرکوئی بھی الیکشن غیرآئینی ہونگے ۔ترجمان پی ٹی آئی
انوارالحق کاکڑ سے متعلقہ بیان کی فوری وضاحت کا مطالبہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
ترجمان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اور قومی سطح پر عوام کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے، تحریک انصاف اور پارٹی چیئرمین عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، ۔ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق عمران خان بلاشرکتِ غیرے ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں، دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثرا انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے، ترجمان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔