چیئرمین پی ٹی آئی کی منتقلی کے بعد اڈیالہ جیل راولپنڈی کی سکیورٹی بڑھا دی گئی
جیل کی سکیورٹی بڑھانے کا اقدام جیل سروے کے بعد سپیشل برانچ اور متعلقہ محکموں کی سفارشات کی روشنی میں اٹھایا گیا
اڈیالہ روڈ اور جیل احاطے کے دونوں اطراف پولیس چوکیاں قائم ، ایلیٹ فورس کے دو دستے دو شفٹوں میں جیل کے ارد گرد کے علاقے میں گشت کرینگے
راولپنڈی(ویب نیوز)
چیئرمین پی ٹی آئی کی ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد ایلیٹ کمانڈوز تعینات کرکے جیل کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی۔اڈیالہ جیل کی سکیورٹی بڑھانے کا اقدام جیل سروے کے بعد سپیشل برانچ اور متعلقہ محکموں کی سفارشات کی روشنی میں اٹھایا گیا ہے۔سروے کے بعد متعلقہ حکام نے جیل کے سامنے واقع دکانوں اور سینٹرل جیل کے آس پاس کے رہائشیوں کے پیش نظرسکیورٹی اور سرچ آپریشن میں اضافے کی سفارش کی تھی۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے اڈیالہ روڈ اور جیل احاطے کے دونوں اطراف پولیس چوکیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ ایلیٹ فورس کے دو دستے بھی دو شفٹوں میں جیل کے ارد گرد کے علاقے میں گشت کریں گے۔عہدیداروں نے ملاقاتیوں کے شناختی کارڈ اور دیگر تفصیلات کا ریکارڈ رکھنے کی بھی سفارش کی۔ایس ایس پی آپریشنز اور چیف ٹریفک آفیسر نے دیگر سینئر پولیس افسران کے ہمراہ جیل کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کی۔ اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ جیل انتظامیہ احاطے کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گی جبکہ پولیس جیل کے باہر سکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین 26 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر سخت سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کئے گئے تھے۔