چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس

عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے،درخواست

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو جواب جمع کرانے کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی

اسلام آباد( ویب  نیوز)

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کر دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل شیراز احمد رانجھا کی وساطت سے بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔سابق وزیراعظم کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہ کرائی، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، جیل حکام کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کے حکم پر عمل درآمد کا حکم دیا جائے۔بعدازاں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو جواب جمع کرانے کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔