افغانستان میں6.3 شدت کا زلزلہ، اموات2ہزار سے زائد ہوگئیں، 9ہزار 240افراد زخمی
12 دیہات مکمل تباہ ہو گئے، ایک ہزار 328گھروں کو نقصان پہنچا ، ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، وزارت آفات
کابل( ویب نیوز)
افغانستان کے صوبے ہرات میں گزشتہ روز آنے والے 6.3 شدت کے زلزلے میں اموات2ہزار سے زائدہوگئیں، 9ہزار 240افراد زخمی،12 دیہات مکمل تباہ ہو گئے، ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے ،افغان حکام کے مطابق صوبے ہرات میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جس کے سبب انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بادغیس اور فرح صوبے میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔وزارت آفات کے مطابق افغانستان میں زلزلے سے اموات کی تعداد 2ہزار 53ہو گئی ہیں۔ وزارت آفات کا کہنا ہے کہ زلزلے سے 9ہزار 240افراد زخمی اور ایک ہزار 328گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں زندہ جان اور غوریان اضلاع کے 12 دیہات مکمل تباہ ہو گئے، ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب افغانستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائق کی جانب سے ملبے تلے دبے مزید افراد کی اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات سے 40 کلو میٹر شمال مغرب کی طرف تھا جبکہ بعد میں تین افٹر شاکس کو بھی محسوس کیا جن کی شدت 6.3، 5.9، 5.5 تھی۔ واضح رہے اس سے قبل بھی گزشتہ سال جون کے ماہ میں افغانستان کے مشرقی حصے میں زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جسے دو دہائیوں کا سب سے خطرناک زلزلہ قرار دیا گیا تھا جس میں کم از کم ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 1500کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔