اسرائیلی فوج کا غزہ کا وسطی علاقہ خالی کرنے کیلئے 24گھنٹوں کا الٹی میٹم

اسرائیلی دھمکی کی زد میں 11لاکھ فلسطینی آتے ہیں جو غزہ کی نصف آبادی ہے،ترجمان اقوام متحدہ

اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو فوج کو نیست و نابود کردیں گے، حماس

غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے، ایرانی وزیر خارجہ

مقبوضہ بیت المقدس( ویب  نیوز)اسرائیلی فوج نے غزہ کا وسطی علاقہ خالی کرنے کے لیے 24گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ سے کہا گیا ہے کہ وادی غزہ سے تمام فلسطینیوں کو جنوبی حصوں میں منتقل کردیا جائے۔ اسرائیل کی دھمکی سے متعلق اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دھمکی کی زد میں تقریبا 11لاکھ فلسطینی آتے ہیں جو غزہ کی نصف آبادی ہے، ایسی کوئی نقل مکانی، تباہ کن انسانی اثرات کے بغیر ممکن نہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق بے گھر فلسطینیوں کی تعداد 4لاکھ 23ہزار تک جا پہنچی ہے، رات کو لاکھوں فلسطینیوں کے پاس سونے کی جگہ نہیں، غزہ میں جنم لیتے انسانی المیے سے نمٹنے کیلئے 20لاکھ فلسطینیوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔

اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو فوج کو نیست و نابود کردیں گے، حماس

 حماس کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو اس کی فوج کو نیست و نابود کردیا جائے گا۔ اسرائیل پر حملوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے حماس کے فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے آغاز پر ہی اسرائیلی فوج کا غزہ ڈویژن تباہ کردیا گیا ہے اور القدس کے تحفظ کے لیے ایسی مزید کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ آپریشن الاقصی فلڈ میں توقع سے زیادہ کامیابی ملی، اس آپریشن کے لیے خفیہ تیاری کی گئی تھی جس میں حماس مزاحمتی قوتوں کے ساتھ رابطے میں تھی۔ دوسری جانب مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو حمزہ نے کہا ہے کہ جلد کئی محاذ کھولے جائیں گے، جن میں 1948 میں فلسطین کے پاس علاقے بھی شامل کیے جائیں گے۔ حماس رہنما نے دعوی کیا کہ امریکا، فرانس اور دیگر ملکوں کے شہری اسرائیلی فوج کی وردیاں پہن کر جنگ میں شریک ہیں، یرغمال بنائے گئے بہت سے اسرائیلی فوجی امریکی اور فرانسیسی شہری نکلے ہیں۔

اقوام متحدہ کی غزہ سے شہریوں کے انخلا کا حکم واپس لینے کی اپیل

 اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ کے 11 لاکھ افراد اگلے 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے کسی بھی حکم کی تصدیق ہونے کی صورت میں اسے منسوخ کرنے کی پرزور اپیل کرتا ہے تاکہ اس سانحے کو ایک المناک صورتحال میں تبدیل ہونے سے روکا جا سکے۔اسرائیلی فوج کے رابطہ افسران نے غزہ میں اقوام متحدہ کی ٹیم کے رہنماؤں کو انخلا کے حکم کے بارے میں بتایا تھا۔اس حکم نامے میں جن لوگوں کو علاقے سے نکلنے کو کہا گیا ہے ان میں اقوام متحدہ کی تنصیبات بشمول سکول، صحت کے مراکز اور کلینکس میں پناہ لینے والے افراد اور عملہ بھی شامل ہیں۔

اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے، ایر ان کا انتباہ

ایران نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے جہاں لبنانی حکام کے ساتھ ساتھ حماس اور اسلامی جہاد کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے حزب اللہ کی طرف ممکنہ اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی ناکہ بندی اور اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کیے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے۔