اسرائیل کی غزہ میں زمینی کارروائی، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2000 تک پہنچ گئی

اسرائیل کا گزشتہ ہفتے کے حملے میں ملوث حماس کمانڈرمراد ابو مرادکو شہید کرنے کا دعویٰ

 اسرائیلی فورسز کا لبنان سے اسرائیل میں د اخل ہونے والے مجاہدین کو بھی ڈرون حملے میں شہید کرنے کا دعویٰ

الٹی میٹم کے بعد نقل مکانی کرنے والے قافلے پر بھی اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زائدفلسطینی شہید ہوگئے

اسرائیلی فوج کی غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران حماس کی طرف سے یرغمال بنائے گئے چند اسرائیلیوں کی لاشیں ملی ہیں، اسرائیلی میڈیا

غزہ کی ناکہ بندی کے باعث ایندھن ، پانی اور خوراک کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں،فلسطینی اتھارٹیز

اسرائیل کی جانب سے لاکھوں فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنے پر مجبور کرنا خوفناک ہے، اقوام متحدہ

غزہ(ویب  نیوز)

اسرائیل نے غزہ میں زمینی حملے شروع کرنے کی تصدیق کردی۔ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2000 تک پہنچ گئی جبکہ7500سے زائد زخمی ہیں۔اسرائیل نے فضائی حملے میں گزشتہ ہفتے کے حملے میں ملوث حماس کمانڈرمراد ابو مرادکو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز(آئی ڈی ایف) نے لبنان سے اسرائیل میں د اخل ہونے کی کوشش کرنے والے مجاہدین کو بھی ڈرون حملے میں شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ڈیفنس فورسز نے غزہ میں زمینی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے حماس کے ٹھکانوں پر کیے گئے۔ اسرائیل کی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی ایف نے غزہ کی پٹی میں علاقائی سطح پر حملے کیے ہیں تاکہ علاقے کو عسکریت پسندوں اور ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکے اور لاپتہ ہونے والے افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ الٹی میٹم کے بعد نقل مکانی کرنے والے قافلے پر بھی اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زائدفلسطینی شہید ہوگئے،فلسطینی اتھارٹیز کے مطابق ایک ہفتے میں غزہ پر اسرائیلی بم حملوں میں اب تک 2000فلسطینی شہری شہید کیے جا چکے ہیں۔ غزہ کی ناکہ بندی کے باعث ایندھن ، پانی اور خوراک کے ذخائر تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے عسکریت پسند گروہ حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی جب لبنان کی سرحد کے قریب واقع شمالی شہرحیفہ کے اوپر دو نامعلوم اہداف کو نشانہ بنانے اوراسرائیل کے شمالی حصے میں ایک نامعلوم ڈرون (UAV) کے داخلے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔اسرائیل نے اپنے ایک فوجی ڈرون پر فائرنگ کی بھی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران حماس کی طرف سے یرغمال بنائے جانے والے چند اسرائیلیوں کی لاشیں ملی ہیں۔اقوام متحدہ نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو زبردستی علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کے عمل کو خوفناک قرار دیا ہے جبکہ امریکا نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ عام شہریوں کو مارنے سے گریز کرے۔

24 گھنٹوں   میں126 بچوں اور 88 خواتین سمیت 324  فلسطینی شہید

زخمیوں کی تعداد میں 1,018 افراد کا اضافہ، الرمل، الشاطی کیمپ  پر اسرائیلی حمل

اسرائیلی حملے کے نتیجے میں گزشتہ24 گھنٹوں   میں126 بچوں اور 88 خواتین سمیت 324  فلسطینی شہید ہوگئے ۔غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ علاقے میں صیہونی فوج کی ننگی جارحیت کے نتیجے میں 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 126 بچوں اور 88 خواتین سمیت 324 شہری شہید کیے گئے ہیں ۔وزارت صحت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد میں 1,018 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ جارحیت کے متاثرین میں سے 66 فیصد بچے اور خواتین تھے۔مقامی ذرائع نے کہا کہ قابض فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے شمالی اور مغربی علاقوں پر پرتشدد حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں شہریوں کے گھروں،اسپتالوں اور عام شہریوں کے رہائشی ٹاورز کو نشانہ بنایا۔بتایا گیا ہے کہ چھاپے تل الھوی کے محلے اور ہلال احمر سے منسلک القدس ہسپتال میں مرکوز کیے گئے تھے، جہاں سینکڑوں خاندانوں نے قابض کی بمباری سے تحفظ کے لیے پناہ لی تھی۔قابض طیاروں نے الرمل، الشاطی کیمپ کے آس پاس کے علاقوں اور انٹیلی جنس ٹاورز، الکرامہ اور الفیروز کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا، جس سے درجنوں مکانات اور رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔قابض طیاروں نے سودانیہ اور الواح کے علاقوں اور شمالی غزہ کی پٹی میں بیت لاہیا کے مغربی اور شمالی علاقوں پر درجنوں میزائلوں سے بمباری کی۔قابض ریاست کے طیاروں نے خان یونس کے مغرب اور مشرق میں متعدد گھروں کو نشانہ بنایا۔ اس شہر میں غزہ کی پٹی سے زبردستی بے گھر ہونے والے سینکڑوں خاندانوں نے پناہ لی تھی۔

#/S