حزب اللہ کا حملہ ،اسرائیل کا لبنان کی سرحد سے 28دیہاتوں کے شہریوں کے انخلا کا اعلان
غزہ میں زندگی کا خاتمہ ہو رہا ہے، محاصرہ فوری ختم کیا جائے،اقوام متحدہ
غزہ کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے، بظاہر ایسا لگتاہے کہ دنیا سے انسانیت مر چکی ہے
غزہ کے ہسپتالوں کے پاس صرف ایک دن کا ایندھن بچا ہے، کمشنر جنرل یو این آر ڈبلیو اے
یرغمال بنائے گئے 13 امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، جو بائیڈن
مقبوضہ بیت المقدس(صباح نیوز)اقوام متحدہ کے انسانی امداد سے متعلق ادارے یو این ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(یو این آر ڈبلیو اے)کے سربراہ فلپ لیزرینی نے کہا ہے کہ غزہ میں زندگی کا خاتمہ ہو رہا ہے، غزہ کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے، بظاہر ایسا لگتاہے کہ دنیا سے انسانیت مر چکی ہے، انہوںنے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے ہسپتالوں میں صرف ایک دن کا ایندھن بچ گیا ہے۔ یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لیزرینی نے کہا کہ غزہ سے عالمی ادارے کا عملہ مصر کی سرحد کے قریب رفح منتقل ہو چکا ہے۔ اب یہ عملہ بھی اس عمارت میں اپنے امور سرانجام دے رہا ہے جہاں ہزاروں بے گھر افراد امداد کے لیے پکار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے اور اس وقت بظاہر ایسا لگتاہے کہ دنیا سے انسانیت مر چکی ہے۔ انہووں نے کہا کہ اگر ہم پانی کی بات کریں تو ہم سب جانتے ہیں کہ پانی زندگی ہے۔ اس وقت غزہ سے پانی ختم ہو رہا ہے اور غزہ سے زندگی کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ کمشنر جنرل کے مطابق انہیں ایسا لگ رہا ہے کہ جلد غزہ سے خوراک اور ادویات بھی ختم ہو جائیں گی۔ انہوں نے غزہ کے محاصرے کو اجتماعی سزا قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے بیک اپ جنریٹرز کے بند ہو جانے سے ہزاروں مریضوں کی جان خطرے میں چلی جائے گی، ان کے مطابق اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، محاصرہ ہر صورت میں ختم کیا جائے اور امدادی اداروں کو ایندھن، پانی، خوراک اور دوائی جیسی امداد پہنچانے کے قابل بنایا جائے اور ہمیں اب اس کی ضرورت ہے۔
حزب اللہ کا حملہ ،اسرائیل کا لبنان کی سرحد سے 28دیہاتوں کے شہریوں کے انخلا کا اعلان
مقبوضہ بیت المقدس .اسرائیل نے حزب اللہ کے حملے کے بعد لبنان کے ساتھ شمال میں اپنی سرحد سے 2کلومیٹر تک کے 28دیہاتوں کے رہائشیوں کے انخلاء کا اعلان کر دیا۔اسرائیل کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی مارا گیا جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی انٹیلی جنس سٹیشن بھی تباہ ہو گیا تھا۔اسرائیلی ڈیفنس فورس(آئی ڈی ایف)کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وزارت دفاع اور آئی ڈی ایف کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی لبنانی سرحد سے 2 کلومیٹر تک کے علاقے میں رہنے والے شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو گیسٹ ہاوسز میں منتقل کرنے کے منصوبے پر عمل درآمدکر رہی ہیں۔آئی ڈی ایف کی جانب سے کہا گیا کہ اس منصوبے کے نفاذ کی منظوری وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے دی جبکہ تھوڑی دیر پہلے شمالی کمان نے مقامی حکام کے سربراہوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔بیان کے مطابق منصوبے کو مقامی بلدیات کے سربراہان، وزارت داخلہ اور وزارت دفاع کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔
اسرائیل کا غزہ پر قبضہ بڑی غلطی ہو گی، حماس کا وجود مٹانا ہو گا،جلد اسرائیل کا دورہ کرنے پر بھی غور کر رہا ہوں،جو بائیڈن
واشنگٹن … امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کا قبضہ بڑی غلطی ہو گی ،حماس کا وجود مٹانا ہو گا،جلد اسرائیل کا دورہ کرنے پر بھی غور کر رہا ہوں۔صدر جو بائیڈن نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ حماس فلسطینیوں کی حق خود ارادیت کی ترجمانی نہیں کرتی جبکہ محمود عباس نے بھی امریکی صدر کی تائید کی۔ادھر اسرائیل کے نئے وزیر GIDEON SA’AR نے جنگ کے اختتام پر غزہ کو مزید چھوٹا کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا مشرق اور شمال دونوں جانب سے فلسطینیوں کو اپنا علاقہ چھوڑنا پڑے گا۔امریکی قومی سلامتی مشیر نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ بڑے تنازع میں بدل سکتی ہے، جنگ کے باعث لبنان سرحد پر نیا محاذ کھلنے اور ایران کی شمولیت کا بھی خدشہ ہے۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کر کے غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی عرب کے دورے کے بعد انٹونی بلنکن نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں مصری صدر نے کہا اسرائیل اب اجتماعی سزا پر اتر آیا ہے۔ مصرکے بعد انٹونی بلنکن اردن پہنچے ۔
یرغمال بنائے گئے 13 امریکی شہریوں کی رہائی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، جو بائیڈن
واشنگٹن.. امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ اسرائیل سے یرغمال بنائے جانے والے 13 امریکیوں کی جلد رہائی کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ ابھی اس متعلق تفصیلات تو نہیں بتائی جا سکتیں مگر خیال یہی ہے کہ ان شہریوں کو حماس نے یرغمال بنایا ہے۔ جو بائیڈن کے مطابق وہ اپنی طاقت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے امریکی شہریوں کی رہائی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ ان کے مطابق یرغمال بنائے جانے والے یہ امریکی شہری ابھی زندہ ہیں۔ اس سے قبل اتوار کو امریکی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ 13 امریکی شہری اسرائیل سے لاپتہ ہیں۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ سب سے اہم بات ہے کہ حماس کی بربریت کا خاتمہ کیا جائے اور ذمہ داران کا کڑا احتساب کیا جائے۔ خیال رہے کہ امریکی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل میں حماس کے حملوں کے بعد 13 امریکی شہری لاپتہ اور 30 ہلاک ہو چکے ہیں۔ جو بائیڈن نے کہا کہ حماس کا مکمل خاتمہ ہر صورت ضروری ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے راہ ہموار کرنا ضروری ہے۔ امریکی صدر نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ ایران کی حزب اللہ اس تنازع میں نہ کودے اور اسے مزید ہوا نہ دے۔