فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف کیس سماعت کیلئے مقرر،فریقین کو نوٹس جاری
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ 23 اکتوبر کو ساڑھے گیارہ بجے سماعت کریگا
بنچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہرعلی نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل
اسلام آباد ( ویب نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیاگیا ۔جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی لارجر بنچ 23 اکتوبر کو ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہرعلی نقوی اور جسٹس عائشہ ملک شامل ہیں۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں کیس کی گزشتہ سماعت 3 اگست کو ہوئی تھی۔واضح رہے کہ شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کیخلاف کیس میں 21 جولائی کو سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پابند کیا تھا کہ سپریم کورٹ کو آگاہ کئے بغیر فوجی عدالتوں میں ملزمان کا ٹرائل شروع نہ کیا جائے، حکم کی خلاف ورزی پر ذمہ داروں کو طلب کریں گے۔
90روز میں عام انتخابات کا کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
90روز میں عام انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر سپریم کورٹ نے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ 23اکتوبر کو سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان شامل ہیں۔یاد رہے کہ ملک میں 90روز میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ بار اور پی ٹی آئی سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔