ا مریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع اگلے ماہ نومبر میں بھارت کا دورہ کریں گے
دونوں رہنما بھارتی ہم منصبوں سے ملاقات میں اسٹریٹجک تعلقات پر بات چیت کریں گے
چین کے ساتھ بھارت کی شمالی سرحدوں پر جاری فوجی تعطل،حماس اسرائیل تنازع اور روس یوکرین جنگ کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے
دونوں ممالک دفاعی ہارڈویئر تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں بھارت تین ارب ڈالر سے زائد مالیت کے پریڈیٹر ڈرون اور متعلقہ نظام خریدے گا
نئی دہلی(صباح نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اگلے ماہ نومبر میں بھارت کا دورہ کریں گے تاکہ علاقائی سلامتی اور دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات پر بات چیت کی جاسکے۔ بھارتی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں رہنما اپنے دورے کے دوران بھارتی ہم منصبوں وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ بھارت امریکا اسٹریٹجک تعلقات کے مکمل اسپیکٹرم کے بارے میں بات چیت کریں گے اور ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقے تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں شخصیات علاقائی سلامتی کے معاملات پر بھی بات چیت کریں گے، جس میں چین کے ساتھ بھارت کی شمالی سرحدوں پر جاری فوجی تعطل کا معاملہ بھی شامل ہے۔ بھارت اور امریکا دونوں کیوڈ گروپ کے رکن ہیں، جو ہند بحرالکاہل کے خطے میں سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہے، جہاں بھارت کا اہم کردار ہے۔ ملاقات میں غزہ میں حماس اسرائیل تنازع بھی شامل ہو سکتا ہے، جس میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے بات کی جائے گی، جبکہ عالمی سلامتی پر روس یوکرین جنگ کے اثرات ممکنہ طور پر بات چیت کا حصہ ہوں گے۔ دونوں ممالک دفاعی ہارڈویئر تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں بھارت تین ارب ڈالر سے زائد مالیت کے پریڈیٹر ڈرون اور متعلقہ نظام خریدے گا۔ بھارت گزشتہ چند دہائیوں میں امریکی ہتھیاروں کے سب سے بڑے خریداروں میں سے ایک رہا ہے اور مستقبل میں بھی مزید تعاون کی توقع ہے۔