فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ،ہم ایک انچ سے بھی دستبردار ھونے کے لئے تیار نہیں ہیں،اسماعیل ھنیئہ
فلسطینی اکیلے نہیں ،پوری امت مسلمہ کے عوام انکی پشت پر کھڑے ہیں
جماعت اسلامی کا عظیم الشان اقصی مارچ امریکہ اور اسرائیل دونوں کے لئے واضح پیغام ہے ،سربراہ حماس کا ویڈیو پیغام
مقبوضہ بیت المقدس،اسلا م آباد(ویب نیوز)
حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیئہ نے کہا ہے کہ فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ہے،ہم ایک انچ سے بھی دستبردار ھونے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے غزہ ملین مارچ کے حوالے سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔اسماعیل ھنیئہ نے کہا کہ میں فلسطین اور غزہ کے عوام کی جانب سے جماعت اسلامی پاکستان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ عظیم الشان اقصی مارچ جو جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسراج الحق کی قیادت میں آج اسلام آباد میں منعقد ہورہا ہے، ایک جانب امریکہ کے لئے پیغام ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ غزہ کے عوام کے قتل عام کے لئے حمایت کا اعلان کیا اور غزہ کے بچوں، خواتین اور بوڑھوں کے قتل عام کے لئے ہر قسم کا اسلحہ اسرائیل کو فراھم کیا، دوسری جانب یہ اسرائیل کی ناجائز غاصب حکومت کے لئے پیغام ہے کہ فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ہے اور ہم اس کی ایک انچ سے بھی دستبردار ھونے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ تیسری جانب غزہ کے لئے بالخصوص اور تمام فلسطینیوں کے لئے بالعموم یہ پیغام ہے کہ تم اس معرکے میں اکیلے نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے عوام تمہاری پشت پر کھڑے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ حماس کے مجاھدین اور فلسطین کے عوام نے طوفان الاقصی کے نام سے دشمن کے مقابل ایک طوفان برپا کردیا ہے جس نے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے جو وہ مسجد اقصی کو منہدم کرنے اور مسجد اقصی پرقبضہ کر نے کئے کر ر ہے تھے، اور جو یہ سمجھتے تھے کہ غزہ کے عوام کو دائمی محاصرے میں اور فلسطینی عوام کو دائمی غلامی میں رکھیں گے۔ اور جنہوں نے ہزاروں فلسطینیوں کو بغیر کسی جرم کے اسرائیلی جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔ اسرائیل کی ناجائز ریاست کو مسلمان ممالک سے تسلیم کروانے کی سازشیں دم توڑ گئی ہیں۔ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی اسرائیل اور امریکہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب 120 ممالک نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاکستان کے عوام نے اور بالخصوص جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ القدس اور فلسطین کے بارے میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ دوٹوک موقف کا اظہار کیا ہے۔ میں آپ کے اس عظیم الشان مظاھرے کے توسط سے پوری پاکستانی قوم کو سلام پیش کرتا ہوں اور فلسطینی عوام کی جانب سے احترام پیش کرتا ہوں۔