ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کرینگے: نواز شریف
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز کی پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون سیکرٹریٹ آمد ، شہباز شریف سمیت دیگر رہنماوں نے ان کا استقبال کیا
نواز شریف کی پارٹی رہنماوں کو الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت
مسلم لیگ (ن) تاجروں، صنعت کاروں اور کاروباری طبقے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔ سینیٹر عرفان صدیقی
لاہور( ویب نیوز)
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے اور پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔قائد ن لیگ محمد نواز شریف کی چار سال بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180 ایچ ماڈل ٹاون آمد ہوئی، پارٹی صدر شہباز شریف نے دیگر رہنماوں کے ہمراہ نواز شریف کا استقبال کیا اور سیکرٹریٹ آمد پر انہیں مبارکباد پیش کی۔سیکرٹریٹ میں قائد ن لیگ سے پارٹی کے سینئر رہنماوں نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں خواجہ آصف، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب بھی شامل تھیں، اس موقع پر چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود تھیں۔ جس میں ملکی صورتحال اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے پارٹی رہنماوں کو الیکشن کی تیاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ترقی کا سفر جہاں سے رکا وہیں سے شروع کریں گے، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے، میاں نوازشریف کی مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقاتوں کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم نئے مرحلے میں داخل ہوگئی۔
مسلم لیگ (ن)منشور کمیٹی کے چیئرمین کو منشور کے لئے تجاویز پیش کیں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کاروباری طبقوں، تاجروں اور صنعت کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے کیونکہ وہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے ہر دور میں دور حکومت میں ان طبقات کو ہر ضروری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی۔ مسلم لیگ (ن) کی اس پالیسی کو آئیندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر عرفان صدیقی نے اسلام آباد چیمبر اف کامرس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس میں میں چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کے علاوہ چیمبر کے سینیئر ارکان رضوان چھینہ، انجینئر اظہار الاسلام ظفر، فہد وحید اور ظفر بختاوری بھی شریک تھے۔ سینیٹر عرفان صدیقی تاجروں، صنعت کاروں، وکلا، صحافیوں، کسانوں کی تنظیموں، اساتذہ اور دیگر اہم طبقات سے مسلم لیگ (ن) کے منشور کی تیاری کے بارے میں تجاویز حاصل کرنے کے لئے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ چیمبر کے ارکان نے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات، خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت، مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور تعمیرات کی صنعت کو مراعات دینے کے علاوہ متعدد دیگر تجاویز پیش کیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی منگل کو پاکستان فیڈرل یونین اف جرنلسٹس کے عہدے داروں سے ملاقات کر رہے ہیں