وادی تیراہ میں شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی
نماز جنازہ میں نگران وزیراعظم انوار الحق ،جنرل ساحر شمشادمرزا ، جنرل عاصم منیر کی خصوصی شرکت
شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ اسلام آباد میں سپرد خاک کر دیاگیا
دیگر شہداء نائیک خوشدل ، رفیق خان ، عبدالقادر کی نماز جنازہ بھی آبائی علاقوں میں اداکردی گئیں
پاک فوج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اعلامیہ وزیراعظم آفس
اسلام آباد ( ویب نیوز)
ضلع خیبرکی وادی تیراہ میں شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی نماز جنازہ منگل کو چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ اسلام آباد میں سپرد خاک کر دیاگیا۔نماز جنازہ میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ،نگران وزیر دفاع انور علی،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشادمرزا ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیدعاصم منیر ودیگر اعلی سول و فوجی افسران، فوجی جوانوں، شہید کے لواحقین اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی ۔شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کے جنازہ کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور جنرل سیدعاصم منیر نے بھی کندھا دیا ۔ جبکہ متزکرہ واقعہ کے دیگر شہدا نائیک خوشدل خان ساکن ضلع لکی مروت،نائیک رفیق خان ساکن ضلع چارسدہ اور لانس نائیک عبدالقادر ساکن ضلع مری کی نماز جنازہ بھی ان کے متعلقہ آبائی علاقوں میں اداکردی گئیں ،وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ نمازہ جنازہ کے بعد آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر ، شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کے ورثاء سے ملے اور ہمدردی، تعزیت کا اظہار کیا ۔