سوات (ویب نیوز)

  • مال خانے میں گولہ بارود کو آگ لگ گئی، دھماکے کے دیگر پہلوئوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا، رپورٹ

پولیس نے سوات کے کبل تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی، جس میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گزشتہ رات سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے 10 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ہے، باہر سے حملے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا، مال خانے میں گولہ بارود کو آگ لگ گئی، دھماکے کے دیگر پہلوئوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

  • سوات سی ٹی ڈی تھانہ دھماکا، 9 شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
  • نمازِ جنازہ میں پولیس لائن میں ادا کی گئی ، آئی جی خیبر پختونخوا اور دیگر حکام کی شرکت

سوات کے علاقے کبل میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کے تھانے میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے  9 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہید اہل کاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن کبل میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈا پور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔