پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز ، غیر قانونی طور پر مقیم15533 غیر ملکیوںکو واپس بھجوا دیا گیا
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا حکم
9مئی کے واقعات میں ملوث بعض شرپسندوں کی عدم گرفتاری پر اظہار برہمی ، مفرور ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت
لاہور ( ویب نیوز)
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے بریفنگ دی ۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک غیر قانونی طور پر مقیم15533 غیر ملکیوںکو پنجاب سے واپس بھجوا دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو پناہ دینے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل لائی جائے۔غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے سہولت کاروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے 9مئی کے واقعات میں ملوث بعض شرپسندوں کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 9مئی کے واقعات میں ملوث مفرور ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سیکرٹری پبلک پراسکیوشن،سیکرٹری قانون، سی سی پی او، کمشنر لاہور ڈویژن،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اور آرپی اوزویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے