190ملین پاؤنڈ اسکینڈل ،کابینہ کمیٹی کی چیئرمین پی ٹی آئی، بشری بی بی سمیت 29 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش
وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے فرح گوگی، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور ، شیخ رشید ذلفی بخاری اور شہزاد اکبر کے نام بھی ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کردی
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی، بشری بی بی ، فرح گوگی، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور ،ذلفی بخاری، شہزاد اکبر اورشیخ رشید سمیت 29افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)پر ڈالنے کی سفارش کی گئی۔وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کا اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، وزیر مواصلات و ریلویز شاہداشرف تارڑ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ذیلی کمیٹی نے مختلف محکموں اور اداروں کی طرف سے بھیجے جانے والے 41افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی۔نیب کی سفارش پر 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی ، ان کی اہلیہ بشری بی بی ، فرح گوگی، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور ، ،ذلفی بخاری، شہزاد اکبر اوشیخ رشید سمیت 29 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں عدلیہ کی ہدایات پر 13 مختلف نوعیت کے کیسز میں 7 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ کمیٹی نے نظر ثانی کیلئے پیش کی گئی اپیلوں میں سے بھی 3 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی۔ذیلی کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کیلئے نگران وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائیں گی۔