او آئی سی غزہ فلسطین کی حفاظتی پلان وضع کرے ۔ سراج الحق
امت مسلمہ کا بچہ بچہ غزہ فلسطین کے لئے ہر قسم کی قربانیاں دینے کو تیار ہے
اسلامی ممالک فوری طور پر اسرائیلی سفیروں کو اپنے ممالک سے بے دخل کریں،ہزاروں بچوں کے غزہ مارچ سے خطاب
فیصل مسجد کے سائے میں اسلام آباد کی تاریخ کا بچوں کا سب سے بڑامارچ
بچوں نے ،، جوخاموش ہے وہ بھی مجرم ہے ،، کے پلے کارڈز اٹھا لئے
غزہ کے شہید بچوں کی علامتی طور پر خون آلود میتیں بھی بچوں کے ہاتھوں میں
اسلام آباد ( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ او آئی سی غزہ فلسطین کی حفاظت کے لیے سکیورٹی پلان وضع کرے ۔ اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے ۔ مظلوموں کے لیے بین الاقوامی امدادی فلسطین فنڈ قائم کیا جائے تمام اسلامی ممالک فوری طور پر اسرائیلی سفیروں کو اپنے ممالک سے بے دخل کرتے ہوئے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں ، اسرائیل پر فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے ۔ ڈیڑھ ماہ سے کسی بین الاقوامی ادارے نے غزہ میں جنم لینے والے انسانی المیے کا نوٹس لیا نہ کوئی احساس نظر آیا، اگر اسرائیل اور امریکہ اس دہشت گردی کے مجرم ہیں تو مسلم ممالک کے حکمران بھی اپنی بے حسی اور خاموشی کی وجہ سے برابر کے شریک جرم ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بین الاقوامی فیصل مسجد کے سائے میں ہزاروں بچوں کے ” غزہ مارچ ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صبح ہی سے ظفر چوک سے فیصل مسجد پمز چوک سے منسلک سڑکوں پر غزہ مارچ کے لیے بڑی تعداد میں بچوں کی ریلیاں موجود تھیں اور فیصل مسجد سے تا حد نظر غزہ مارچ میں بچے اور بچیاں نظر آ رہی تھیں ۔ ریلیوں ٹولیوں اور گروپوں کی صورت میں غزہ مارچ میں بچے بچیاں شریک ہوئیں اور ہاتھوں میں غزہ کے شہید بچوں کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پلے کارڈز بینرز اٹھا رکھے تھے بعض ریلی میں شریک بچوں نے غزہ کے شہید بچوں کی علامتی طور پر خون آلود میتیں اٹھا رکھی تھیں ۔ بچوں نے بڑی تعداد میں ،، جوخاموش ہے وہ بھی مجرم ہے ،، کے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم ، ضلعی امیر نصر اللہ رندھاوا و دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا جبکہ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم جماعت اسلامی شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے ۔ ہزاروں بچوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا غزہ فلسطین مارچ کیا بچوں بچیوں کے علاوہ اساتذہ نے بھی شرکت کی ۔ ہزاروں بچوں نے فلسطینی مسلمانوں اور حماس کے مجاہدین کو سلام پیش کیا ۔ بچوں اور بچیوں میں غزہ فلسطین کے مظلوموں سے اظہار یکجہتی کا زبردست جوش و خوش دیکھنے میں آیا ۔ سراج الحق نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی کے لیے امت مسلمہ کا ہر بچہ بچی ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے ہم ان بچوں اور بچیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حکمرانوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ امت مسلمہ کے بچوں اور بچیوں کے دل فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ اسرائیلی درندگی دہشت گردی بربریت کے خلاف احتجاج بڑھتا جائے گا او آئی سی کا اجلاس ہوا مگر دنیا بھر کے انسانیت پسند لوگوں بالخصوص امت مسلمہ کے جذبات کی صحیح طور پر ترجمانی نہیں کی گئی ۔ غزہ میں کہرام بپا ہے ہزاروں بچے لحد میں اتر چکے ہیں ۔ کوئی خاندان ایسا نہیں ہے جس کے بچے اور بچیاں شہید نہ ہوئے ہوں ۔ دوسری طرف او آئی سی بالخصوص مسلمان حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ ان بچے اور بچیوں کا یہی پیغام ہے کہ اسلام آباد غزہ ہے غزہ اسلام آباد ہے آزادی فلسطین تک شانہ بشانہ رہیں گے ہونا یہ چاہیے تھا کہ او آئی سی غزہ فلسطین کے لیے سکیورٹی پلان وضع کرتی ایسا تو دور کی بات ہے اسلامی ملکوں نے ابھی تک دہشت گرد اسرائیل کے سفیروں کو بے دخل نہیں کیا ۔ امت مسلمہ کی طرف سے واضح پیغام دے رہا ہوں کہ متعلقہ اسلامی ملک اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کریں دنیا بھر میں بے داری کی لہر ہے ۔ ہم ہر دم ہر گھڑی مظلوم فلسطینیوں کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ فوری طور پر عالمی امدادی فلسطین فنڈ قائم کیا جائے اس موقع پر انہوں نے نعرے بھی لگوائے جن کے بچوں نے پرجوش انداز میں جواب دئیے ۔