جماعت اسلامی اقتدار میں آکر تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا سات فیصد کرے گی سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا پشاور یونیورسٹی میں حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب

کنونشن سے پروفیسر ابراہیم، عبدالواسع، شکیل احمد وسیم حیدر، اسفندیارعزت نے بھی خطا ب کیا

پشاور ( ویب   نیوز)

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استعمار کے ایجنٹ ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ، ان کا خیال ہے امریکا کی مدد سے پھر اقتدارمیں آئیں گے، اب انہیں واشنگٹن نہیں بچاسکے گا، قوم 8فروری کا دن لٹیروں کے لیے یوم حساب بنادے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے چارچاربار حکومتیں کیں،مزید مسلط رہناچاہتی ہیں، عوام کو ماضی کی کارکردگی بتائیں، اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، دیگر پارٹیوں کے سربراہ بھی جرت کریں۔پشاور یونیورسٹی میں حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا سات فیصد کرے گی، طلبہ یونین بحال کریں گے، یہ ان کا حق ہے، ماضی کی سب حکومتوں نے بحالی کے جھوٹے وعدے کیے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم لازمی قراردی جائے گی، ہرڈویژن کی سطح پر خواتین کے لیے الگ سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائیں گے، ذہین بچوں کو اعلی تعلیم کے لیے وظائف دیں گے، سکول کالجز کاجدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ حکمرانوں کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرتے ہیں اس لیے انہیں تعلیمی مسائل کا ادراک نہیں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ان کے دیے گئے استحصالی نظام نے نوجوان کو مایوس کیا، وہ جانتا ہے کہ اچھے نمبر لے کر بھی رشوت اور سفارش کے بغیر نوکری نہیں حاصل کر سکتا۔ اقتدار میں آکرہر بچے کو سکول بھیجیں گے، نوجوانوں کو جب تک ملازمت نہیں ملے گی، روزگار الانس دیا جائے گا، برطانیہ، فرانس، جرمنی میں یہ ہورہا ہے تو پاکستان میں کیوں نہیں جو ان ممالک سے کئی گنا زیادہ وسائل کا حامل ہے۔ ملک کو حکمرانوں کی کرپشن نے تباہ اور اسے 77ہزار ارب کا مقروض کیا، حکمران قرضوں کا حساب دیں، روزانہ اربوں کی کرپشن ہوتی ہے، جماعت اسلامی کرپٹ افراد کے احتساب کو یقینی بنائے گی، خواہ وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔ امیر جماعت اسلامی کے پی پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع، ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد، ناظم جمعیت کے پی وسیم حیدر، ناظم پشاور اسفندیارعزت و دیگر نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔ حقوق طلبہ کنونشن میں طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ امیر جماعت نے ملک کی تعمیر، نظریاتی حفاظت کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کے کردار کی تحسین کی اور کہا کہ پاکستان کی تاریخ ان قربانیوں کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے نوجوانوں کو زندگی کے عظیم مقصد سے آگاہ کیا، نئی نسل کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تمنا ہے کہ ہر نوجوان اس اسلامی فلاحی پاکستان کے مقصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے لاکھوں کی تعداد میں جانوں کے نذرانے پیش کیے۔سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں اور مافیاز کے گٹھ جوڑ سے قومی ادارے تباہ ہو گئے، ملک میں سٹیٹس کو اور ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے، وہ طبقات مسلط ہیں جن کے نام پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں آئے اور جنھوں نے توشہ خانہ اور ملک کے خزانہ کو شیرِمادر سمجھ کر ہڑپ کیا، بنک لوٹے اور قرض معاف کرائے گئے۔ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا، ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا، یہ واشنگٹن کے خوف سے فلسطین میں مظالم پر خاموش ہیں، جماعت اسلامی اہل غزہ کے لیے ہر جگہ آواز بلند کر رہی ہے، حکمرانوں نے ٹرانس جینڈر بل لا کر ملک کی نظریاتی اساس تباہ کرنے کی کوشش کی۔ قوم قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ، سودی معیشت کے خاتمے، کشمیر و فلسطین کی آزادی کی منزل کے حصول کے لیے الیکشن میں جماعت اسلامی کو ووٹ دے۔