آرمی چیف استدعاہے نو مئی واقعات میں گرفتاربے گناہ لوگوں کو رہا کردیا جائے،شیخ رشید

پولنگ ڈے پر مری میں چہل پہل کرنے والوں کو غش پڑے گا

اگر جیل بھیجا گیا تو جیل سے الیکشن لڑوں گا، سانحہ 9 مئی کی بابت کسی کے خلاف 164کا بیان نہیں دیا

 خدارا لوگوں کے معاش پر توجہ دی جائے ،ہمارا اصل کیس ہائیکورٹ میں 30نومبر کو ہوگا،میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی (ویب  نیوز)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پو لنگ ڈے پر مری میں چہل پہل کرنے والوں کو غش پڑے گا،نو مئی واقعات پر بورڈ بنا دیں اور جو لوگ بے گناہ ہیں انہیں رہا کردیا جائے۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ بڑے ذمہ داران سے گزارش کرتا ہوں کہ ملک کی معیشت پر توجہ دی جائے۔ اس وقت اصل عوامی مسئلہ گھروں کے فاقے ہیں الیکشن نہیں۔خدارا لوگوں کے معاش پر توجہ دی جائے۔ ہمارا اصل کیس ہائیکورٹ میں 30 نومبر کو ہوگا۔ پی ٹی آئی کے تمام وکلا کو تمام مقدمات کی پیروی کیلئے کہا ہے، ۔شیخ رشید نے کہاکہ مری میں چہل پہل کرنے والے 172 کی اکثریت بھی نہیں لے سکیں گے، اگر جیل بھیجا گیا تو جیل سے الیکشن لڑوں گا، سانحہ 9 مئی بابت کسی کے خلاف 164 کا بیان نہیں دیا، میں اکیلا شیخ رشید 9 مئی کے 68 مقدمات میں نامزد ہوں، ایک بندہ اتنی جگہوں پر ایک ساتھ کیسے ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری پراسیکیوٹرز نے دلائل کے لئے پھر وقت مانگا ہے، ہم تو عبوری ضمانتوں پر بھی دلائل کے لئے تیار تھے، میرے اور راشد شفیق کیخلاف راولپنڈی کے تھانوں میں 10 مقدمات ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف اور جنرل ندیم انجم سے ہاتھ جوڑ کر استدعا کی ہے کہ وہ نو مئی واقعات پر بورڈ بنا دیں اور جو لوگ بے گناہ ہیں انہیں رہا کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نو مئی کے درجن بھر کیسز ہیں جبکہ میں کسی جگہ موجود نہیں تھا مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن تو ہونے ہیں، پولنگ ڈے پر مری میں چہل پہل کرنے والوں کو غش پڑے گا۔