شوکت ترین کا سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
اہل خانہ اور دوستوں سے مشاورت کے بعد سیاست چھوڑ رہا ہوں،سابق وزیرخزانہ
اسلا م آباد( ویب نیوز)
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی سیاست اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے سیاست کے ساتھ ساتھ پاکستان تحریک انصاف سے بھی علیحدگی کا اعلان کردیا۔شوکت ترین نے سینیٹ کی نشست بھی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اہل خانہ اور دوستوں سے مشاورت کے بعد سیاست چھوڑ رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال مالی اور صحت کے لحاظ سے بہت مشکل رہے، دو تین مرتبہ کووڈ ہوا تو اسی لیے اہلخانہ اور دوستوں کے مشورے سے پی ٹی آئی اور سینیٹ رکنیت دونوں چھوڑ رہا ہوں۔شوکت ترین نے کہا کہ میں نے پوری کوشش کی کہ ملک کے لیے جو بھی کرسکتا ہوں وہ کروں لیکن اس وقت صحت اجازت نہیں دے رہی۔واضح رہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کا حصہ رہنے والے شوکت ترین نے پاکستان تحریک انصاف کے برسراقتدار آنے کے بعد اس میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ماضی میں بھی وزیر خزانہ کی ذمے داریاں نبھانے والے شوکت ترین کو ایک مرتبہ پھر یہ منصب سونپا گیا اور وہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔تاہم چھ ماہ بعد ہی انہیں وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹا کر مشیر خزانہ بنادیا گیا تھا کیونکہ آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا جبکہ کابینہ کا حصہ بننے کے لیے کسی بھی رکن کے لیے سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے،شوکت ترین 2021 میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی نشست پر منتخب ہوئے، وہ 17 اکتوبر 2021 سے 11 اپریل 2022 تک عمران خان کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے۔۔