شیریں مزاری کا پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد ( ویب نیوز )
تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری نے سیاست سے کنارا کشی اختیار کرلی، ان کا کہنا ہے کہ آج سے پی ٹی آئی سمیت کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کے ہمرا ان کی صاحبزادی ایمان مزاری بھی موجود تھیں۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ 9مئی کے واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، اس سے قبل بھی میں نے ہمیشہ ہر قسم کی انتشار کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں انڈر ٹیکنگ بھی دے دی ہے، آج سے پی ٹی آئی سمیت کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں۔

شیری مزاری نے کہا کہ ریاستی ادارے سپریم ہوتے ہیں، جی ایچ کیو، پارلیمان جیسے ریاستی اداروں پرحملے کی سب کو مذمت کرنی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12دن مسلسل گرفتاری اور رہائی کی وجہ سے صحت خراب ہوگئی ہے، اس دوران میری بیٹی کو بھی تکلیف اور آزمائش سے گزرنا پڑا، اب میں نے متحرک و سیاست چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

پی ٹی آئی کی سابق رہنما نے کہا کہ میرے بچے اور میری والدہ میری ترجیح ہیں، اس وقت اس کےعلاوہ کچھ زیادہ ضروری نہیں، ہرقسم کے تشدد کی مذمت کرتی ہوں، ریاستی عمارتوں میں جلاؤ گھیراؤ قابل مذمت ہے۔

شیریں مزاری نے بتایا کہ میرےشوہر کے انتقال کو 5ماہ ہوگئے ہیں، جب ڈاکٹر تابش زندہ تھے تو بہت سی چیزیں کرسکتی تھی لیکن اب بچوں، والدہ اور اپنی صحت پر زیادہ توجہ دونگی، میری طبیعت کچھ ٹھیک نہیں ہے بس اتناہی کہنا چاہوں گی۔