فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں، آرمی چیف سید عاصم منیر

مضبوط فوج ملکی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہے

آرمی چیف کا 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہداِ پاکستان  منانے کا بھی اعلان

چیف آف آرمی اسٹاف نے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا

راولپنڈی(ویب  نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ فوج کا ہر سپاہی اور افسر سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر فرائض کو مقدم رکھتا ہے۔فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملے ناقابلِ برداشت ہیں،آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہدا اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ تقسیم اعزازات ہوئی۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کے لئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔آرمی چیف نے کہا کہ بلاشبہ شہدا کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں، شہدا کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔جنرل سید عاصم منیرنے زور دیا کہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفسر تمام علاقائی، لسانی اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے، مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں ۔آرمی چیف نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہداِ پاکستان  منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کے طفیل ہم آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں، شہدا کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات سرمایہِ افتخار ہیں۔